نارتھ زون یوتھ فیسٹیول میں ڈبیٹ ، کوئز اور ڈرامہ میں اے ایم یو کی ٹیمیں کامیابی سے ہمکنار

Share Article
Winners-of-North-Zone
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے طلبہ طالبات کی ٹیم نے ایسوسی ایشن آف انڈین یونیورسٹیز (اے آئی یو) کے زیر اہتمام مہرشی مارکنڈیشور یونیورسٹی،انبالہ، ہریانہ میں منعقد نارتھ زون یوتھ فیسٹیول میں ڈبیٹ، کوئز اور ڈرامے میں دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کرکے نیشنل میں جگہ بنالی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ملک کے پانچ زون سے مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ کی ٹیمیں کل ہند یوتھ فیسٹیول میں حصہ لیں گی اور یہاں پر کامیاب ہونے والے شرکاء بین الاقوامی آرٹ فیسٹیول (ایشیا آرٹ) میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے 40؍طلبہ کی ٹیم 11؍جنوری کو انبالہ روانہ ہوئی تھی جس میں کلچرل ایجوکیشن سنٹر (سی ای سی) کے ڈرامہ کلب، لٹریری کلب اور فائن آرٹ کلب کے طلبہ طالبات شامل تھے۔ کوئز مقابلہ میں انسب اور رابعہ کو دوسرا مقام اور ڈبیٹ میں قاضی اور آصف کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔ جب کہ ڈرامہ کلب کی ٹیم نے تین مختلف زمروں ناٹک، اِسکِٹ اور مائم میں حصہ لیا اور مائم میں دوسرا مقام حاصل کیا۔
اے ایم یو کی ٹیم نے کلب سکریٹری جعفر حسنین کی تحریر کردہ سعادت حسن منٹو کی کہانی ’’کھول دو‘‘ پر مبنی ڈرامہ ’کالی تختی‘ پیش کیا۔ اسٹیج کے ماہرین نے اس ڈرامہ کو خوب سراہا جسے اسپیشل انعام سے نوازا گیا۔ عبیدالرحمان کا تحریر کردہ اِسکِٹ ’’مدر انڈیا 2.0‘‘ بھی پیش کیا گیا جس کے ہدایت کار خود عبیدالرحمان ہی تھے۔ اس کے علاوہ معظم احمد کی ہدایت کاری میں ایک مائم ’’اے ٹری بیوٹ ٹو انڈین آرمی‘‘ پیش کیا گیاجس میں یہ دکھایا گیا کہ ہندوستانی فوج کے جوان کس طرح مشکل حالات میں سخت محنت کے ساتھ کام کرتے ہیں اور سرحدوں پر اپنی جان کی قربانی دے کر ہماری حفاظت کرتے ہیں۔خاص بات یہ ہے کہ اس مائم کو گزشتہ 16؍جنوری کو نیشنل آرمی ڈے پر بھی پیش کیا گیا ۔اختتام پر سبھی ناظرین نے کھڑے ہوکر خراج تحسین پیش کیا۔ اس مائم کو 32؍یونیورسٹیوں کی ٹیموں کے درمیان دوسرا مقام حاصل ہوا۔ اے ایم یو کی ٹیم میں جعفر حسنین کی قیادت میں امیت کمار سنگھ، فرقان انور، عاقب، شبھونیت، فیصل اور پردیپ کمار شامل تھے ۔ٹیم منیجر فزیکل ایجوکیشن شعبہ کے ڈاکٹر محمد ارشد باری اور اسسٹنٹ منیجر محترمہ آمنہ ضحیٰ بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔ سی ای سی کوآرڈنیٹر ڈاکٹر ایف ایس شیرانی اور ڈرامہ کلب کی صدر ڈاکٹر وِبھا شرما نے پوری ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اے ایم یو کی تینوں فاتح ٹیمیں 16؍فروری سے رانچی میں ہونے والے قومی مقابلہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *