بی جے پی نے کیا آکاش وجے ورگیہ کی حمایت میں مظاہرہ

Share Article

 

بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کے ممبر اسمبلی بیٹے آکاش وجے ورگیہ کے ذریعہ میونسپل حکام کی بیٹ سے پٹائی کا معاملہ تیسرے دن بھی میڈیا کی شہ سرخیوں میں ہے۔ جمعرات کو اس معاملے میں جہاں میونسپل ملازمین نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا، تو وہیں جمعہ کو بی جے پی نے بھی طاقت کامظاہرہ کیا۔ ہزاروں کی تعداد میں پارٹی عہدیدار اور کارکنوں نے راجواڑہ پر جمع ہوکر آکاش کی حمایت میں زوردار مظاہرہ کیا۔

 

بی جے پی سٹی صدر گوپی چند نیما کی قیادت میں جمعہ کو بی جے پی کارکنوں نے راجواڑہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔معاملے میں پارٹی کارکنوں نے ریاستی کانگریس حکومت کے ساتھ ہی کارپوریشن کے حکام کو بھی نشانہ بنایا اور کیس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ کارپوریشن ملازمین کے ذریعہ خواتین کے ساتھ بد سلوکی کی گئی ہے۔ مظاہرے میں رکن اسمبلی رمیش میدولا، مہندر ہارڈیا، سابق ممبر اسمبلی جیتو جراتی بھی موجود رہے۔ اس دوران بی جے پی کارکنوں نے پولیس انتظامیہ کے خلاف حب الوطنی کے گیتوں سے احتجاجی مظاہرہ کی شروعات کی۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین کے ساتھ کارپوریشن حکام نے بدتمیزی کی اور پولیس نے ایف آئی آر تک نہیں لکھی۔ پولیس کانگریس کے اشاروں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آکاش کے ساتھ ہیں، جب تک معاملے میں منصفانہ کارروائی نہیں کی جائے گی، اس وقت تک ہماری تحریک جاری رہیگی ۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *