مغربی بنگال: پرتشدد جھڑپ میں بی جے پی کے 5 اور ترنمول کے ایک کارکن کی موت

Share Article

 

مغربی بنگال کے شمال 24 پرگنہ ضلع کے بشیر ہاٹ پارلیمانی حلقہ تحت سندیش کھلی میں سنیچر کی رات ترنمول اور بی جے پی کے کارکنوں کے درمیان ہوئی جھڑپ میں بی جے پی کے پانچ اور ترنمول کانگریس کے ایک کارکن کی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ 18 لوگ لاپتہ ہیں۔

 

دراصل معاملہ سندیش کھلی علاقے کے نجٹ تھانہ علاقے میں واقع ہاٹ گاچھی علاقے کا ہے۔ یہاں بی جے پی کا پرچم لگانے کو لے کر دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوگیا۔ اس دوران دونوں گروپوںکے درمیان فائرنگ ہوئی، جس کی زد میں آکر بی جے پی کے پانچ اور ترنمول کے ایک کارکن کی موت ہو گئی۔

 

ہلاک بی جے پی کارکنوں کی شناخت مقامی ایس سی مورچہ کے بورڈ آف چیئرمین پردیپ منڈل (36)، بی جے پی رکن تپن منڈل (25)، شکتی چیف ششانت (28) اور بی جے پی رکن شنکر منڈل اور دیوورت منڈل (30) کے طور پر ہوئی ہے۔ ہلاک ترنمول کارکن کی شناخت قیوم ملا کے طور پر ہوئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ ان لوگوں کے علاوہ اب بھی 18 افراد لاپتہ ہیں۔واقعہ کے خلاف بی جے پی نوجوان یونٹ نے اتوار کو کولکاتہ میں مظاہرہ کرنے کا اعلان کیاتھا۔

 

بی جے پی سیکریٹری جنرل سانتنو باسو نے اتوار کی صبح ہندوستھان سماچارسے خصوصی بات چیت میں کہا کہ ان کے پانچ کارکن ہلاک جبکہ ترنمول کانگریس کے وزیر جیوتی پریہ ملک کے مطابق ان کی پارٹی کے ایک کارکن کا جھڑپ میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ ساینتن باسو نے دعوی کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکن پرچم بینر لگا رہے تھے، جس کا ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ اس بعد تنازعہ بڑھا تو ترنمول کارکنوں نے بی جے پی کارکنوں کو ہدف بناکر گولی چلا دی۔ اسی دوران ترنمول کارکن قیوم ملا کو بھی گولی لگ گئی.

 

اتر 24 پرگنہ ضلع کے ترنمول صدر جیو تی پریہ ملا نے دعوی کیا کہ بی جے پی کے لوگوں نے ان کی پارٹی کے کارکنوں پر فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے ہیں کہ کسی کا بھی قتل ہو لیکن اگر وہ ہمارے کارکنوں کو مارتے ہیں تو ہم انہیں کسی بھی قیمت پر نہیں چھوڑیں گے۔

 

انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری ردعمل نہیں آیا ہے۔ اس واقعہ کو لے کر بی جے پی کے سینئر لیڈر مکل رائے نے سخت رد عمل ظاہر کیاہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مغربی بنگال کے سندیش کھلی میں ترنمول کے غنڈوں نے پانچ بی جے پی کارکنوں کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ ممتا بنرجی سیدھے طور پر بی جے پی کارکنوں کے خلاف تشدد کے لئے ذمہ دار ہیں۔ ہم اس کے لئے اتوار کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کریں گے۔

 

ادھر، ترنمول کانگریس نے اپنے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل پر اس واقعہ کا ذکر کیا ہے۔ اس میں دعوی کیا گیا ہے کہ ترنمول کانگریس کے جلسہ عام کے دوران بی جے پی کارکنوں نے گھس کر فائرنگ کی ہے ، جس کی وجہ سے ترنمول کارکن کی موت ہوئی ہے۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *