دہلی ٹرمنل3- پر حجاج کرام کے آخری قافلے کا استقبال

Share Article

 

64پروازوں سے 22526حجاج کرام کی وطن واپسی مکمل

حج بیت اللہ2019کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لیے ملک کے سب سے بڑے امبارکیشن پوائنٹ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمنل3 سے روانہ ہونے والے حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ آج ایئر انڈیا کی 64ویںاور آخری اڑان کی دہلی آمد کے ساتھ ہی مکمل ہوگیااور اسی کے ساتھ دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے حج بیت اللہ کے لیے روانہ ہونے والے دہلی اور دیگر سات ریاستوںمغربی اترپردیش، ہریانہ، پنجاب، اتراکھنڈ، چنڈی گڑھ ، ہماچل پردیش اور جموں کشمیر کے کل22526حجاج کرام آج امن و سلامتی کے ساتھ اپنے اہل و عیال تک پہنچ گیے ۔ ان حجاج میں 11922مرد،10604عورتیں شامل ہیں واضح ہوکہ اس سال حج کمیٹی آف انڈیاسے139960 حجاج نے فریضہ حج کی سعادت حاصل کی۔جن میں گذشتہ 3جولائی سے17جولائی تک دہلی سے روانہ ہونے والے حجاج کی مجموعی تعداد22551 تھی ان میں چند حجاج علالت اور صحت کی خرابی کی وجہ سے ابھی واپس نہیں آسکے ہیں ان کی واپسی صحت یابی کے بعد ہوگی۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی جانب سے فراہم اطلاع کے مطابق گذشتہ17؍اگست2019سے جاری کل64پروازوں کے ذریعے وطن واپس ہونے والے حجاج کی سہولیات کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے سابقہ برسوں کی طرح اس سال بھی پینے کے پانی اور چائے وغیرہ لے علاوہ تمام تر ضروری انتظامات کیے گیے۔حج ٹرمنل پر حجاج کرام کے استقبال اور انہیں اپنے تمام سازو سامان کے ساتھ ان کے رشتہ داروں تک پہنچانے کے لیے حج کمیٹی کے چیئرمین جناب عاصم احمد خان، ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر جناب محسن علی، حج کمیٹی آف انڈیا کے ممبر اور دہلی حج ٹرمنل کوآرڈینٹر جناب عرفان احمد، دہلی لائزن آفس انچارچ سلطان عالم اور حج کمیٹی کے اسٹاف و دیگررضاکاران بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں دور درا ز کے صوبوں اور علاقوںکے حجاج اور انہیں لینے کے لیے دہلی آنے والے ان کے رشتہ داروں اور اہل خانہ کے قیام کے لیے حج منزل میں پہلے کی طرح مناسب انتظامات کیے گیے تھے جہاں ریلوے ریزرویشن کے خصوصی کائونٹر اور حکومتِ دہلی کی طبی ٹیم بھی خدمات پر مامور تھی۔ اسی طرح دہلی سرکار کے ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم ایرپورٹ پر بھی اپنی خدمات طبی انجام دیتی رہی ۔اس کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے بار سول ڈیفینس ٹیم کے ساتھ اس سال پہلی بار بھارت اسکاوٹ ایند گائیڈ کے 60رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کی تھیں۔یہ پہلا موقع تھا جب دہلی سے حج پروازوں کی روانگی اندرا گاندھی انٹرنینشل ایئرپورٹ کے ٹرمنل3 سے کیا گیا جبکہ اس سے قبل برسوں سے حج پروازوں کی روانگی حج کے لیے مخصوص ٹرمنل2 سے کی جاتی رہی۔ گذشتہ سال ٹرمنل2 سے کچھ اندرون ملک پروازوںکے شروع ہونے کے سبب حج آپریشن میں بہت ساری دشواریوں کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ اس کے پیش نظر اس سال انٹرنیشنل ٹرمنل سے حج پروازوں کی روانگی کا فیصلہ لیا گیا اور اسی کے ساتھ حجاج کے احباب ورشتہ داروں کے لیے انتظار گاہ اور پارکنگ کا انتظام ٹرمنل3 کے بالمقابل کثیر منزلہ کار پارکینگ میںکیا گیا حج انتظامات کے نقطہ نظر سے انتظامیہ کے ذریعہ کیا گیا یہ تجربہ گذشتہ سال کے مقابلے بہتر اور کامیاب ثابت ہوا۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *