انتخابات کے دوران پارٹی کی مخالفت کرنے والے پولیس افسران کی نشاندہی کررہی ہے ٹی ایم سی

Share Article

 

مغربی بنگال کی حکمراں ترنمول کانگریس ان پولیس افسران کی فہرست تیار کر رہی ہے جنہوں نے لوک سبھا انتخابات کے دوران مبینہ طور پر ریاستی حکومت اور حکمراں پارٹی کے خلاف کام کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ممتا بنرجی نے گزشتہ پیر کو ریاست سیکریٹریٹ میں اپنی حکومت کے آٹھ سال کے کاموں کا جائزہ لینے کے دوران کہا تھا کہ ریاست بھر میں نچلے رینک کے پولیس افسران اور ملازمین نے ترنمول کے ساتھ تعصب کیا۔ کئی لوگوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے حق میں کام کیا اور اس کا خمیازہ ترنمول کو اٹھانا پڑا۔

 

اسے لے کر وزیر اعلیٰ نے ریاستی پولیس ڈائریکٹر جنرل کے سامنے ناراضگی بھی ظاہر کی تھی۔ اس کے بعد ریاست بھرمیں پارٹی کے کارکنان ان پولیس اہلکاروں کی فہرست بنانے میں مصروف ہیں جنہوں نے لوک سبھا انتخابات کے دوران مبینہ طور پر ترنمول کانگریس کے خلاف کام کیا تھا۔ ہوڑہ، ہگلی، شمالی 24 پرگنہ اور شمالی بنگال کے مختلف اضلاع میں پارٹی کارکنوں نے ایک فہرست تیار کرنی شروع کی ہے۔ اسے اگلے ہفتے تک پارٹی کے ریاستی صدر دفتر میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اسے ہر ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کو بھی پیش کیا جائے گا۔

 

جن پولیس اہلکاروں کی فہرست بنائی گئی ہے ان پر پارٹی کے کارکن نگرانی رکھیں گے اور ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا بھی انتظار کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس سے ترنمول کی سب سے زیادہ ناراضگی ہاوڑہ ضلع میں ہے۔الزام ہے کہ یہاں عام انتخابات کے دوران پولیس نے بی جے پی کے حق میں عوامی سطح پر کام کیا۔ پارٹی کے لیڈر دلیل دے رہے ہیں کہ ادئے نارائن پور علاقے سے 2018 کے لوک سبھا ضمنی انتخاب میں ترنمول کانگریس کے امیدوار کو 1.10 لاکھ ووٹوں سے برتری ملی تھی جبکہ اس بار محض 37000 ووٹوں کی برتری مل سکی۔ اس کے علاوہ انتخابات گزر جانے کے بعد ترنمول کارکنوں کے خلاف پولیس نے کیس درج کرنے شروع کر دیے تھے۔ حالات اتنے بگڑ گئے تھے کہ ترنمول ممبر اسمبلی جٹو لاہڑی کو پولیس کے خلاف دھرنے پر بیٹھنا پڑا۔

 

اس بارے میں پوچھنے پرادے نارائن پور کے ممبر اسمبلی سمیر پانجا نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ پولیس منصفانہ طریقے سے کام کرے لیکن ضلع میں انتظامیہ کا ترنمول کے خلاف موقف دیکھا جا رہا ہے۔ ہر سرگرمی پر ہماری نظر ہے۔ ہوڑہ دیہی کے ترنمول صدر پلک رائے نے کہا کہ ایک منفی حالات انتظامیہ تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اس کا مقابلہ کیا جائے گا۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *