اتر پردیش کی 11 سیٹوں پر ہوں گے ضمنی انتخابات، دعویداری بھی شروع

Share Article

 

اتر پردیش کی 11 نشستوں پر اب ضمنی انتخابات ہوںگے۔ ان سیٹوں پر ممبر اسمبلی رہے اب لوک سبھا انتخابات جیت کر ممبر پارلیمنٹ ہو گئے ہیں۔ یہ لیڈران 25 مئی کو نئی دہلی میں اپنی پہلی حاضری دیں گے۔لوک سبھا انتخابات ختم ہونے پر مختلف سیاسی جماعتوں سے رکن اسمبلی کی ذمہ داری تبدیل کرنے اور ان کے ذریعہ اب ایم پی بننے کی وجہ سے ان سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔ بی جے پی کے آٹھ رکن اسمبلی جس میں تین وزیر بھی شامل ہیں، الیکشن جیت کر ایم پی بن گئے ہیں۔ اسی طرح اپنا دل، ایس پی اور بی ایس پی کے ایک ایک رکن اسمبلی بھی ایم پی بن چکے ہیں۔

 

لکھنؤ کینٹ کی ممبر اسمبلی اور وزیر ریتا بہوگنا جوشی الہ آباد سے ممبر پارلیمنٹ بن گئی ہیں۔ لکھنؤ کینٹ سیٹ پر ضمنی انتخاب ہوگا۔ اس کے لئے بہت دعویدار بھی سامنے آ گئے ہیں۔اسمبلی حلقہ میں برہمن اور سندھی آبادی کو دیکھتے ہوئے دونوں ہی فرقوں سے سیٹ مانگنے والو کی تعداد زیادہ ہے۔ اسی طرح سے آگرہ ٹنڈلا سے رکن اسمبلی اور وزیر ایس پی سنگھ بگھیل آگرہ سے ممبر پارلیمنٹ بن گئے ہیں۔ آگرہ کی ٹنڈلا سیٹ بھی خالی ہو گئی ہے اور یہاں پر چھتریہ سماج و یشیہ سماج کے لوگوں کی طرف سے ٹکٹ کی دعویداری کی جا رہی ہے۔

 

کانپور گووند نگر سے رکن اسمبلی اور وزیر ستیہ دیو پچوری کانپور سے ممبر پارلیمنٹ بن گئے ہیں۔ اب گووند نگر سیٹ پر بھی ضمنی انتخابات ہوںگے۔ یہاں سے کون انتخابات لڑے گا اس کا فیصلہ تومستقبل میں ہی پتہ چلے گا، لیکن ٹکٹ مانگنے والوں کی تعداد ایک درجن سے زیادہ ہے۔ پرتاپ گڑھ سے اپنا دل کے ممبر اسمبلی سنگم لال گپتا ایم پی ہیں۔ وہ پرتاپ گڑھ لوک سبھا انتخابات جیت گئے ہیں، ان سیٹ پر بھی ضمنی الیکشن ہوگا۔سہارنپور کے گنگوہ سے رکن اسمبلی پردیپ کمار کیرانہ سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد یہ سیٹ بھی خالی ہو گئی ہے۔ ویسے ہی چترکوٹ کے مانک پور سے رکن اسمبلی آر سنگھ پٹیل باندہ سے ممبر پارلیمنٹ بننے کے بعد ان کی سیٹ خالی ہو گئی ہے۔

 

اسی سلسلے میں بارہ بنکی کے جیت پور سے رکن اسمبلی اوپیندر سنگھ اب بارہ بنکی کے ایم پی منتخب ہو گئے ہیں۔ بلہا اسمبلی حلقہ سے ممبر اسمبلی اکشیورلال گونڈ بھی پارلیمانی انتخابات جیت گئے ہیں۔ ان کی سیٹ خالی ہو گئی ہے۔ علی گڑھ میں اگلاس علاقے کے بی جے پی ممبر اسمبلی راجویر سنگھ دلیر ہاتھرس سیٹ پر ایم پی کا الیکشن جیت گئے ہیں۔اگلاس حلقہ میں بھی ضمنی انتخابات ہوں گے۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خاں رامپور سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں، اب رامپور سیٹ پر ضمنی انتخاب ہوگا۔ بی ایس پی کے امبیڈکر نگر کی جلال پور اسمبلی حلقہ سے ممبر اسمبلی رتیش پانڈے بھی امبیڈکر نگر لوک سبھا انتخابات جیت گئے ہیں۔ رتیش کے ایم پی بننے پر جلال پور سیٹ پر ضمنی انتخاب ہوگا۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *