oracle-public-school
اوریکل پبلک اسکول، چوہان بانگر، نیوسیلم پور، دہلی میں علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منائے جارہے اردو ڈے کے س سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں عوامی ایکتا ویلفیئر ایسو سی ایشن کے رضا کاروں نے خدمات پیش کیں۔ اوریکل پبلک اسکول کے منیجنگ ڈائرکٹر جناب فہیم احمد علیگ نے اردو ڈے تقریب کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام 9 نومبر ’اردو ڈے‘ کے سلسلے میں منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبدالحی (نائب مدیر ماہنامہ بچّوں کی دنیا، خواتین دنیا، سہ ماہی فکر و تحقیق اور ’اردو دنیا‘) کو 9 نومبر عالمی یومِ اردو کے موقع پر قاضی عدیل عباسی ایوارڈ سے سرفراز کیے جانے پر انہیں تہنیت پیش کرتے ہوئے فخر کا احساس ہورہا ہے۔ آج ان کی ہمارے اسکول میں بطور مہمان خصوصی آمد ہم سب کے لیے باعث صدشرف ہے۔ اس موقع پر آرٹی آئی ایکٹیوسٹ جناب سردار کشن سنگھ نے بطور مہمان ذی وقار شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جس لگن سے پنجابی کے لیے جدوجہد کی ہے اس کے مقابلے میں اردوداں طبقہ مایوسی کا شکار نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرودوارہ پربندھک کمیٹی و دیگر سکھ تنظیموں نے دہلی میں اردو اورپنجابی کو سیکنڈ آفیشل لینگویج کا درجہ ملنے پر اس کے نفاد کے لیے عملی جدوجہد شروع کردی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو والے بھی ہمارے ساتھ آئیں تاکہ اردو کو بھی اس کا واجب حق مل سکے۔ دوسرے مہمان ذی وقار نوجوان صحافی محمد زبیر خان سعیدی بدایونی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اردو کے تعلق سے والدین کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔ اپنے گھروں میں اردو کے رسائل و جرائد و اخبارات خریدکر پڑھنے کی عادت ڈالیں۔ انہوں نے دورِ حاضر میں علامہ اقبال کے اقوال کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر مجیب الرحمن (جنرل سکریٹری، آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس، مغربی بنگال) نے کہا کہ اردو ہر ہندوستانی کے جذبات کی زبان ہے اور یہ ہندوستانی قوم کی لسانیاتی پہچان ہے۔ اس موقع پر عالمی یومِ اردو آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اردو کا مستقبل روشن ہے، مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن اپنے حصے کی ذمہ داری نبھانے کی انتہائی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری غفلت کا خمیازہ نسلوں کو نہ بھگتنا پڑے اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں۔ اس کے علاوہ قاری محمد مزمل اور قاری امتیاز احمد وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا۔
اسکول کے جن بچوں کو اس موقع پر ایوارڈ سے سرفراز کیا گیامحمد ظہیب، بی بی قرینہ، نسیمہ، محمد فرمان، رمشا، محمد ریحان، آمنہ صدیقی، محمد عادل، تسمیہ، عائشہ، روبی فاطمہ، بشریٰ، رمزہ انصاری، ادیبہ، ماہرہ، عفیفہ، محمد اوصاف وغیرہ شامل ہیں۔ پروگرام کی صدارت حکیم عطاء الرحمن اجملی نے کی۔ تمام شرکاء کا شکریہ فہیم احمد علیگ نے ادا کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here