غالب انسٹی ٹیوٹ میں آج سے اردو ڈرامہ فیسٹول کا آغاز

Share Article

غالب انسٹی ٹیوٹ کی ثقافتی تنظیم ’ہم سب ڈرامہ گروپ‘ کے زیرِ اہتمام 26جولائی سے 30جولائی تک 5 دنوں کا اردو ڈرامہ فیسٹول کا انعقاد ایوانِ غالب میں کیا جارہاہے۔ اس جشنِ ڈرامہ کا افتتاح 26جولائی کو شام ساڑھے چھے بجے سابق چیف جسٹس جمّوں اینڈ کشمیر جسٹس بدر دُرریز احمدکریں گے۔ افتتاحی تقریب کے بعد معروف ہدایت کار، ڈرامہ نویس اور اداکار ڈاکٹر سعید عالم کا مشہور مزاحیہ ڈرامہ ’’چچا چھکن اِن ایکشن‘‘پیش کیا جائے گا۔اسی طرح ۲۷ جولائی کووِنگس کلچرل سوسائٹی کی طرف سے جوش ملیح آبادی کی تصنیف پر مبنی ’’یادوں کی بارات‘‘ ڈرامہ پیش کیا جائے گا،۲۸جولائی کو معروف فنکار سلیم عارف اور لبنیٰ سلیم’’ گڑمبا۔مونولاگ‘‘ کے ذریعے اپنے فن کااظہار کریں گے۔۲۹ جولائی کو فوزیہ داستان گو’’طلسم ہوشربا‘‘ کی داستان پیش کریں گی۔ اور اس ڈرامہ فیسٹول کا اختتام جمّوں کشمیر کے معروف فن کاراور ہدایت کار مشتاق کاک کے ڈرامے ’’لمحوں کی ملاقات‘‘ سے ہوگا۔ یہ ڈرامہ فیسٹول ملک کی سابق خاتونِ اوّل مرحومہ بیگم عابدہ احمد کی یاد میں پیش کیا جارہاہے۔ 1974میں بیگم عابدہ احمد نے ہم سب ڈرامہ گروپ کی بنیاد رکھی تھی۔ اس طویل عرصے میں اس گروپ نے اب تک ۷۵سے زیادہ ڈرامہ کیا ہے۔ جب بھی دلی کی ادبی و ثقافتی تاریخ رقم کی جائے گی بیگم عابدہ احمد کا نام ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ ان پانچوں ڈراموں کی خاص بات یہ ہے کہ یہ پوری طرح سے ادبی اور تاریخی ہیں لہٰذا امید کی جارہی ہے کہ بڑی تعداد میں مختلف علوم و فنون کے لوگ موجود رہیں گے۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *