امید کی ایک کرن نمودار ہوئی ہے

Share Article

میں ایک بیمار عورت ہوں۔ میرا بیٹا جھارکھنڈ کے جبل گوڈا بی سی سی ایل اسپتال میں ڈاکٹر ہے، جس کا نام مظہر احمد خان ہے۔ وہ میرا علاج کرانے اسپتال لے جانے کے لئے مہینہ میں دوباراڑیسہ آتا ہے، کیونکہ ہم لوگ بھونیشور میں رہتے ہیں۔ اس نے بہت کوشش کی کہ اس کو کوارٹر مل جائے اور وہ اپنی ماں کو اپنے پاس رکھے، دیکھ بھال کرے، لیکن ڈیڑھ سال بیت گیا مگر اب تک کوارٹر نہیں ملا۔ وہ ہوٹل دھنباد میں چار ہزار روپے ماہانہ کرایہ دے کر رہتا ہے۔ ہوٹل سے 15کلومیٹر آنے جانے میں پریشانیاں، رات کی ڈیوٹی اور ایمرجنسی میں آنے جانے میں بہت پریشانی ہوتی ہے۔ وہ اپنی گاڑی بھی لے کرنہیں جاسکتا ہے، کیونکہ اس کے پاس گاڑی کھڑی کرنے کے لئے جگہ نہیں ہے۔ اتنی پریشانی اٹھانے کے بعد بھی کوارٹر کا کرایہ کٹ رہا ہے۔ 6ماہ سے کوارٹر دئے بغیر ہی کرایہ کاٹ رہے ہیں۔ یہ کہاں کا انصاف ہے۔ بیٹا کہتا ہے کہ سب افسروں سے کہہ چکا ہوں، درخواست دے چکا ہوں،لیکن کوئی سنتا ہی نہیں۔مسلمانوں کی کوئی نہیں سنتا۔آپ کے اخبار میں آرٹی آئی کا کالم دیکھ کر امید کی ایک کرن جاگی ہے۔ کیا کروں مجھے کوئی راستہ بتائیے۔ کیا آپ ہماری مدد کرسکتے ہیں؟ مہربانی کرکے ہماری مدد کیجئے۔ آرٹی آئی والے نہ فارم دیتے ہیں اور نہ ہی کچھ سنتے ہیں۔
ڈاکٹر ایم ایس خان کی والدہ
کنن وہار، فیز1-
بھونیشور
آپ نے ہمارے اخبار کے تئیں جس اعتماد ویقین کا اظہار کیا ہے، اس کے لئے ہم آپ کے شکر گزارہیں اور چوتھی دنیا اپنی جانب سے آپ کو یہ یقین دلاتا ہے کہ آپ کے بیٹے کو انصاف ضرور ملے گا۔ ہماری رائے میں سب سے پہلے تبادلہ کے تعلق سے جو سرکاری ضابطے ہیں ، ان کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ جیسے کیا بیمار والدہ کی تیمارداری کے نام پر تبادلہ ہوسکتا ہے یا نہیں، اگر ہاں تو پھر آپ اپنے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پراپنی بیٹے کے تبادلہ کے لئے پہلے ایک عمومی درخواست دے سکتی ہیں۔ اس کے 10-15دنوں کے بعد، آرٹی آئی درخواست دے کر تبادلہ کے لئے دی گئی درخواست کے بارے میں سوال پوچھ سکتی ہیں۔ مثلاً ان کے تبادلہ کے لئے دی گئی درخواست پر محکمہ نے کیا کارروائی کی ہے۔ اس کے علاوہ ، کوارٹر الاٹمنٹ کے بغیر کرایہ کاٹے جانے کے تعلق سے بھی الگ سے درخواست داخل کرکے مطلوبہ معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔آرٹی آئی کے لئے کسی خاص فارم کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ آپ سادے کاغذ پر بھی درخواست لکھ کر محکمہ کے پبلک انفارمیشن آفیسر کے نام سے اپنی درخواست جمع کرسکتی ہیں۔ آپ کی سہولت کے لیے ہم اس شمارے میں آپ کے بیٹے کے تبادلہ کے تعلق سے ایک آر ٹی آئی درخواست شائع کر رہے ہیں۔ امید ہے آپ اس درخواست کا استعمال ضرور کریں گی ۔ آر ٹی آئی استعمال کرنے کے دوران اگر آپ کے سامنے کسی بھی طرح کی پریشانی آتی ہے تو آپ ہم سے ای میل، فون یا خط کے ذریعہ بتا سکتی ہیں۔ ہم آپ کے مسئلہ کے حل کے لیے پوری کوشش کریں گے۔

(آرٹی آئی درخواست کا خاکہ (تبادلہ کے لئے)

بخدمت:                    تاریخ:
پبلک انفارمیشن آفیسر:
دفتر کا نام:
پتہ:
عنوان: حق اطلاعات قانون2005کے تحت درخواست
میں نے اپنے تبادلہ کے تعلق سے ایک درخواست آپ کے محکمہ میں جمع کرائی تھی۔ (ماضی میں آپ نے جو درخواست دی تھی، اس کی ایک کاپی منسلک کریں) لیکن اب تک میری درخواست پر کوئی موثر کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ براہ کرم اس تعلق سے مجھے مندرجہ ذیل معلومات فراہم کرائیں۔
.1میری درخواست پر ہوئی کارروائی کی روزانہ پیش رفت کی رپورٹ کی ایک مصدقہ کاپی فراہم کرائیں۔
.2 ان افسروں؍اہلکاروں کے نام اور عہدے بتائیں جن کے پاس میری درخواست پڑی رہی۔ براہ کرم یہ بتائیں کہ کن کن افسروں؍ اہلکاروں کے پاس کتنے وقت تک میری درخواست رہی اور ان افسروں؍ اہلکاروں نے ان پر کیا کارروائی کی؟
.3میری درخواست ایک افسر؍ اہلکار سے دوسرے افسر؍ اہلکار کو جب جب پیش کی گئی یا فراہم کی گئی، اس کی تصدیق فراہم کرائیں۔
.4آپ کے محکمہ کے ضابطے؍ قانون؍ حکم؍ ہدایات کے مطابق ایسے معاملات کا خاتمہ کتنے دنوں کے اندرہوجانا چاہئے۔ اس ضابطے؍ قانون؍ حکم؍ ہدایات کی ایک مصدقہ کاپی فراہم کرائیں۔
.5 اگر افسروں؍ اہلکاروں نے میری درخواست کا خاتمہ مذکورہ ضابطے؍ قانون؍ حکم؍ ہدایات کے تحت مقررہ وقت کے اندر نہیں کیا ہے تو کیا یہ افسر؍ اہلکار مذکورہ ضابطے؍ قانون؍ حکم؍ ہدایات نہ مانے جانے کے لئے قصوروار ہیں؟
.6ان افسروں؍ اہلکاروں کے رویے کی وجہ سے مجھے ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کیا مذکورہ افسر؍ اہلکار میرے ذہنی استحصال کے لئے خطاوار ہیں؟
.7ان افسروں؍ اہلکاروں کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی، جنہوں نے مذکورہ ضابطے؍ قانون؍ حکم؍ ہدایات کی خلاف ورزی کی ہے اور جس کی وجہ سے مجھے ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کب تک ان افسروں؍ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی؟
.8 میری درخواست پر کارروائی کب تک ہوجائے گی؟
میں اس درخواست کے ساتھ دس روپے بطور درخواست فیس جمع کررہا ؍ رہی ہوں۔
مخلص:
نام:
دستخط:
پتہ:

اگر آپ نے حق اطلاعات قانون کا استعمال کیا ہے اور آپ کے پاس کوئی اطلاع ہے، جسے آپ ہمارے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں وہ اطلاع مندرجہ ذیل پتے پر ارسال کردیں،ہم اسے شائع کریں گے ۔ علاوہ ازیں، آڑ ٹی آئی سے متعلق کسی بھی طرح کے مسئلہ یا صلاح ومشورہ کے لئے آپ ہمیں ای میل کرسکتے ہیں یا ہمیں خط بھی لکھ سکتے ہیں، ہمارا پتہ ہے:
چوتھی دنیا
ایف2-،سیکٹر11-، نوئیڈا (گوتم بدھ نگر)
اتر پردیش پن 201301-
ای میل:rti@chauthiduniya.com

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *