ٹیم انڈیا ورلڈ کپ کے فائنل تک انگلینڈ میں رکیں گے

Share Article

نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد ٹیم انڈیا کا سفر اس ورلڈ کپ میں ختم ہوگیا ہے ، لیکن اس کے بعد بھی ٹیم اپنے گھر نہیں لوٹ پارہی ہے ۔ دراصل وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم ، اسٹاف اور کھلاڑیوں کے کنبہ والے ورلڈ کپ کے فائنل تک انگلینڈ میں رکیں گے ، جو اتوار کو لارڈس کرکٹ گراونڈ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ اس کے بعد کھلاڑی اس وقت ہندوستان واپس آئیں گے ، جب انہیں ٹکٹ ملے گا ۔ زیادہ تر کھلاڑی 14 جولائی تک مانچسٹر میں رکیں گے ۔ دراصل ٹکٹ ہندوستان کی مہم ختم ہونے کے بعد بک کئے گئے ہیں ۔

ٹیم انڈیا جس طرح سے گروپ اسٹیج پر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی تھی ، اس سے سبھی کو اندازہ تھا کہ کوہلی کی یہ ٹیم کرکٹ کا مکہ کہے جانے والے لارڈس میں اترے گی ، جس کی وجہ سے تقریبا 90 فیصدی فینس نے پہلے سے ہی اپنی ٹرپ بنالی تھی ، لیکن سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ملی 18 رن کی شکست نے مداحوں کو کافی مایوس کردیا ۔

ہندوستانی ٹیم کے کچھ کھلاڑی مانچسٹر سے روانہ ہوگئے ہیں ، جن میں ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی ، روہت شرما اور مینک اگروال شامل ہیں ۔ ہندوستانی ٹیم کو اب ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے اور ایسے میں انگلینڈ سے کھلاڑیوں کو واپس لوٹنے میں جتنا وقت لگے گا ، ان کو آرام بھی اتنا ہی کم مل پائے گا ۔ کیونکہ کیریبیائی دورہ تین اگست سے شروع ہوجائے گا ۔ وہیں سیمی فائنل میں شکست کے بعد کھلاڑیوں کا وہاں رکنا بھی مشکل ہورہا ہے ۔

وہیں دوسری طرف ہندوستانی فینس اور بی سی سی آئی یہاں اپنے کھلاڑیوں کا انتظار کررہے ہیں ۔ بی سی سی آئی کو اس لئے بھی انتظار ہے کہ کپتان کوہلی اور کوچ روی شاستری کے واپس لوٹنے کے بعد جائزہ میٹنگ ہوگی ، جہاں دونوں کو کئی سوالات کے جواب دینے ہوں گے ۔ جبکہ مداحوں کی نظریں ایم ایس دھونی پر ٹکی ہیں ، جو اپنے کیریئر کو لے کر بڑا اعلان کرسکتے ہیں۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *