APCR--Delhi-Programme
حقوق انسانی کے عالمی دن کے موقع پر قانونی امداد پہونچانے والی تنظیم ‘ایسو سی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹ’ اے پی سی آر کی دہلی یونٹ کی جانب سے ابوالفضل انکلیو میں حقوق انسانی تحفظ بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ ’ حقوق انسانی کی صورت حال اور معاشرے کا کردار ‘ کے عنوان پر گفتگو کی گئی جس میں جسٹس کلیم اللہ خان الہ آباد ہائی کورٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ میگنا کارٹا ہیومن رائٹ چارٹر سے بہت قبل اسلام نے دنیا کو بتا دیا تھا کہ انسانی معاشرے میں ایک دوسرے کے ساتھ ہم کیسے رہیں ؟ ہمارے اختیارات کیا ہیں اور ہماری ذمہ داریاں کیا ہیں ؟ دوسری جنگ عظیم کے بعد اقوام متحدہ کا ہیومن رائٹ چارٹر آیا۔ انسانی حقوق کے تحفظ کی اول صورت یہ ہے کہ ہم خلاف ورزی ہونے ہی نہ دیں ،دوسرا یہ کہ اگر زیادتی ہوجائے تو اپنا حق کیسے بحال کرائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ ہر گز مایوس نہ ہوں آپ کے حقوق محفوظ ہیں۔ ہمارا آئین ہمیں ‘ ہم ہندوستانی لوگ’ کہہ کر مخاطب کرتا ہے اس کا مطلب ہے کہ سماج کے کمزور ترین فرد کے بھی حقوق اسی طرح محفوظ ہیں جس طرح کسی بااثر شخص کے یہ حقوق ہمیشہ حکومت کے خلاف ہوں گے اور ان کا تحفظ عدلیہ کرے گی اور کرتی ہے ہم دیکھتے ہیں کہ بعض اوقات حکومت کے خلاف حکم آتا ہے۔ ضرورت ہے کہ عدلیہ تک ہم اپنی بات لے جائیں اس کے لیے ضروری ہے کہ ہمیں یہ علم ہونا چاہئے کہ کون ساقانون غلط بنا دیا گیا۔
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند دہلی وہریانہ ماسٹر عبدالوحید نے کہا کہ معاشرے میں پھیلی برائیاں نا انصافی کی وجہ سے ہیں ہمیں ایسی لعنت کو ختم کرنا ہوگا۔ ہمارے خوف کا عالم یہ ہے کہ آج ہم نے خود اپنے اوپر پابندی عاید کر لی ہے کہ ہم اب سفر میں گوشت کے بنے کھانے کی اشیاء نہیں لے جاتے۔ ہمیں اپنے اور دوسروں کے حقوق کا ادراک ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں وقت مادی قوت کا دور دورہ ہے دنیاکو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کرنے والے امریکہ میں شمالی کوریا کا جواب دینے کی ہمت کیوں نہیں ہے صرف اس لیے کہ اس نے طاقت ور ہونے کا احساس کرا دیا ہے۔
قبل ازیں مہمان ذی وقار دہلی اقلیتی کمیشن کے صدر ڈاکٹر ظفرالاسلام خان نے اپنی گفتگو میں حقوق کے تحفظ کی عملی اقدامات کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کی بات کی۔ آخر میں حقوق انسانی کے تحفظ پر ایک دس نکاتی قرار داد منظور کی گئی، جسے وارث حسین نے پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت اے پی سی آر کے سیکریٹری ایڈوکیٹ محمد انوار نے انجام دیے۔ پروگرام میں پروفیسر این یو خان ، قاری عبدالمنان، ہریانہ سے اشتیاق احمد ، دہلی مغرب سے مفتی سہیل قاسمی ، دہلی مشرقی سے رئیس احمد، وسطی دہلی سے صابر احمد ، جنوبی دہلی سے ایم اے طارق ، حاجی عبدالوحید سیفی ، امامہ صابری ، خاتون سماجی کارکن نازیہ حسین محترمہ رفعت خان سمیت بڑی تعداد میں اے پی سی آ ر کے کارکنوں اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔اخیر میں اے پی سی آر دہلی یونٹ کے صدر انوار احمد نے تمام شرکا کا شکریہ اداکیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here