ثقافتی پروگراموں کو دہلی کی گلیوں گلیوں تک پہنچاناہے:منیش سسودیا

Share Article
manish
اردو اکادمی ،دہلی کے زیر اہتمام 30نومبر کوہندی بھون ،آئی ٹی او ،نئی دہلی میں شام غزل ومحفل قوالی کا انعقاد کیاگیا ،جس میں منیش سسودیا ، نائب وزیراعلی ،دہلی نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انھوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ آج کی شام کو فن کاروں نے روشن کردیا ۔اس طرح کی محفلیں اسی طرح سجتی رہیں اور ہم ان پروگراموں کا لطف لیتے رہیں ۔اس طرح کے پروگراموں کودہلی کے مختلف علاقوں تک لے کرجاناہے ۔وزارت ثقافت والسنہ نے اس طرح کے پروگراموں پر خصوصی توجہ دی ہے اور آپ سب کا تعاون ہمارے ساتھ رہاہے ۔آپ سب تو آہی جاتے ہیں ،مگر بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو آنا چاہتے ہیں مگر دوری کی وجہ سے نہیں آپاتے ہیں اس لیے میں چاہتاہوں کہ ہم ان پروگراموں کو ان تک لے کر جائیں ۔اس طرح کے پروگراموں سے زندگیوں کے مسائل کی تلخیاں ذرا کم ہوتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دہلی اردو اکادمی کی کارکردگی ناقابل فراموش ہے۔میں میزبان کی حیثیت سے آپ سب کا استقبال کرتا ہوں ۔اس طرح کے پروگراموں سے مجھے ذاتی طورپر دلچسپی ہے ،اس لیے میری کوشش ہوتی ہے کہ تمام اہم کاموں کے ساتھ اس طرح کے پروگراموں میں بھی شریک ہوتا رہوں ۔
اس موقع پر نائب وزیراعلی نے اپنے ہاتھوں سے غزل گلوکارہ ڈاکٹرانوپما سری واستو اور رامپور کے معروف قوال جناب جاوید حسین خان چشتی راگیکو گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا ۔اردو اکادمی ،دہلی کے سکریٹری ایس ایم علی نے نائب وزیراعلی کو گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا ۔ایس ایم علی ،سکریٹری اردو اکادمی ،دہلی نے کہاکہ اردو اکادمی کا دائرہ کار ادب کی اشاعت وفروغ سے لیکر غزل گائیکی ،قوالی ،کتابت اور اردو سے متعلق تمام علوم وفنون کا فروغ ہے اور اردو اکادمی نہ صرف اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی سمجھتی ہے بلکہ ان کی ادائیگی میں سردھڑ کی بازی بھی لگادیتی ہے ۔اب ہم ثقافتی پروگراموں اور مشاعروں کو دلی کی گلیوں گلیوں میں کرارہے ہیں اور دہلی کے عوام اسے پسند کررہے ہیں ۔اس سے ہم سب کا حوصلہ بلند ہواہے ۔پروگرام کا آغاز غزل گلوکارہ ڈاکٹرانوپما سریواستو کی سریلی آواز سے ہوا۔سری واستو نے اردو کے کلاسیکی شعرا میر ،مومن ،غالب وغیرہ کی غزلیں پیش کرکے سامعین کا دل جیت لیا ۔اس کے بعد جاوید حسین خان چشتی راگی نے قوامی پیش کی ۔قوالی کا آغاز قول سے ہوا۔ جاوید حسین خاں چشتی راگی نے اپنی قوالی سے سامعین کو محظوظ کیا ۔اس پروگرام میں دہلی کی اہم شخصیات نے شرکت کی ۔جب کہ ہریانہ اردو اکادمی کے ڈائرکٹر ڈاکٹرنریندرکمار ،حج کمیٹی ہریانہ کے چیئرمین چودھری اورنگ زیب میو ،دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایکٹنگ چیئرمین نصرالدین سیفی نے بھی شرکت کی ۔اس پروگرام کی نظامت ڈی ڈی نیوز اردو کی اینکر ریشما فاروقی نے کی ۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *