جنوبی کشمیر میں مشتبہ جنگجوؤں نے ایک سکھ شہری کو گولی مار کر زخمی کردیا 

Share Article
J&K
ہارون ریشی
سرینگر:جنوبی ضلع پلوامہ میں آج نامعلوم مسلح افراد نے ایک سکھ شہری کو گولی مار کرشدید زخمی کردیا ۔ اطلاعات کے مطابق پلومہ کے ترال علاقے کے رہنے والے سمرن جیت سنگھ ولد نانک سنگھ پر نامعلوم مسلح افراد نے پے درپے کئی گولیاں چلائیں ۔ گولیاں سمرن جیت کے پیٹ اور چھاتی میں جالگیں۔اسے پہلے مقامی اسپتال پہچادیا گیا ، جہاں معالجین نے اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے بہتر علاج و معالجے کے لئے سرینگر کے صدر اسپتال ریفرکردیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سمرن جیت پر اسکے آبائی گاؤں خوشی پورہ ترال میں حملہ کیا گیا ۔ درایں اثنا پولیس تا حال یہ بتانے سے قاصر ہے کہ سمرن جیت پر کس نے اور کیوں حملہ کیا ۔ تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر اس شخص پر جنگجوؤں نے حملہ کیا ہوگا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں سکھوں کی ایک بڑی تعداد آباد ہے اور ملی ٹنسی کے لحاظ سے بھی یہ علاقہ سب سے زیادہ متاثرہ سمجھاجا تا ہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *