شیوراج سنگھ نے گورنر سے کی منڈلا کلیکٹرکی شکایت

Share Article

 

مدھیہ پردیش میں شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے ) پر افسروں میں بھی سیاسی رنگ چڑھنے لگا ہے۔ منڈلا کے کلکٹر جگدیش پرساد جٹیا کی سی اے اے کے خلاف کیے گئے مبینہ تبصرہ نے طول پکڑ لیا ہے۔ بی جے پی نے جٹیا پر شرائط کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے پیر کے روزگورنر لال جی ٹنڈن کو خط لکھ کر اس کی شکایت کی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کلکٹر کی فیس بک پوسٹ کی شکایت کی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کلکٹر نے لکھا ہے، ’’میں خود سی اے اے، این آر سی کا سپورٹ نہیں کرتا‘‘۔ بی جے پی لیڈر چوہان کا کہنا ہے کہ یہ تبصرہ غلط اور سزا کے قابل ہے۔ شیوراج نے گورنر سے درخواست کی ہے کہ وہ نوٹس لیں اور ریاستی حکومت کوکلکٹر پر کارروائی کرنے کے لئے کہیں۔ اس سے پہلے بی جے پی ریاستی راکیش سنگھ، اپوزیشن لیڈر گوپال بھارگو، ایم پی بی ڈی شرما نے بھی کلکٹرکے اس تبصرے پر اعتراض درج کراتے ہوئے ان پر سروس شرطوں کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ منڈلاکلکٹر نے اپنے فیس بک کے صفحے پر چھپاک فلم کا پوسٹر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ تم چاہے جتنی نفرت کرو ہم دیکھیں گے چھپاک۔ اس کے بعد ان کے دوستوں نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے سی اے اے اور این آر سی کو لے کر تبصرہ، جس کا جواب دیتے ہوئے کلکٹر جگدیش جٹیا نے سی اے اے اور این آر سی کی حمایت نہ کرنے کی بات کہی تھی۔ اگرچہ تنازعہ ہونے پر انہوں نے فیس بک سے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کر دی تھی لیکن اس وقت تک اس کا اسکرین شاٹ وائرل ہو چکا تھا۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *