پروفیسر مظفر حنفی کو دیا جائے گا بزمِ صدف کا بین الاقوامی ایوارڈ

Share Article

سو سے زیادہ کتابوں کے مصنف، معتبر شاعر اور نقاد پروفیسر مظفر حنفی کو بزمِ صدف کا بین الاقوامی ادبی ایوارڈ دیا جائے گا۔ اس سے پہلے جاوید دانش، کناڈا(2016)، مجتبیٰ حسین،ہندستان(2017) اور باصر سلطان کاظمی، برطانیہ (2018) بزمِ صدف کے انعامات سے سرفراز کیے جاچکے ہیں۔ بین الاقوامی ایوارڈ کے ساتھ بزمِ صدف کا نئی نسل ایوارڈ پاکستانی نژادشاعرہ ثروت زہرہ کو تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل نئی نسل کے انعامات واحد نظیر، ہندستان(2016)، عشرت معین سیما، جرمنی(2017) اور راشد انور راشد، ہندستان(2018) کو پیش کیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی انعامات کمیٹی کی جانب سے بزمِ صدف انٹرنیشنل کے سرپرستِ اعلا محمد صبیح بخاری (قطر) اور ڈائرکٹر صفدر امام قادری نے پٹنہ میں منعقدہ پریس کانفرنس اور مخصوص نشست میں ان انعامات کا اعلان کیا۔ بزمِ صدف ہر سال عالمی سطح پر مجموعی خدمات کے لیے ایک ایوارڈ پیش کرتی ہے اور اسی کے ساتھ نئی نسل انعام کسی پچاس برس سے کم عمر کی شخصیت کو دی جاتی ہے جس سے گوناگوں ادبی توقعات وابستہ ہوں۔

پروفیسر مظفر حنفی کی ادبی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بزمِ صدف کے ڈائرکٹر صفدر امام قادری نے بتایا کہ83سالہ پروفیسر مظفر حنفی ادب کی مختلف صنفوں پر یکساں قدرت رکھنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ تنقید ، تحقیق اور شاعری کے ساتھ ساتھ انھوںنے مختلف اصنافِ ادب میں کارہاے نمایاں انجام دیے ہیں۔ شاد عارفی سے انھوںنے شعر گوئی کے رموز سیکھے اور پروفیسر عبدالقوی دسنوی کی نگرانی میں اپنی تحقیق مکمل کی۔ جب مظفر حنفی نے کوچۂ ادب میں قدم رکھا، وہ دور جدیدیت کے آغاز سے پہچانا جاتا ہے۔ مظفر حنفی کا پہلا شعری مجموعہ1967ء میں’ پانی کی زبان ‘نام سے منظرِ عام پر آیا۔ نقادوں نے یہ سمجھا کہ یگانہ اور شاد عارفی کے اثر سے اردو شاعری کی یہاں نئی زبان وضع ہورہی ہے۔ تقریباً بیس شعری مجموعوں کے ادبی سرمایے سے آج یہ ثابت ہوچکا ہے کہ مظفر حنفی نے اپنے ہم عصروں سے بالکل مختلف رنگِ سخن ایجاد کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ تنقید و تحقیق کے شعبے میں بھی مظفر حنفی نے نہایت سنجیدہ کاوشیں کی ہیں۔ شاد عارفی کے سلسلے سے متعدد کتابوں اور مجموعۂ مضامین کے علاوہ میر حسن، محمد حسین آزاد، حسرت موہانی، محمد تقی میر جیسے ادیبوں اور شاعروں پر انھوںنے میعاری تعارفی مونوگراف شایع کیے۔ ترتیب و تدوین، تراجم اور بچوں کے ادب کے زمرے میں بھی ان کی کئی درجن کتابیں شایع ہوئیں۔ تنقید میں کھری اور سخت باتیں کہنے کے سبب مظفر حنفی کی پہچان قائم ہوئی۔ مظفر حنفی جامعہ ملیہ اسلامیہ اور کلکتہ یونی ورسٹی سے درس و تدریس سے وابستہ رہے۔ 2001ء میںسبک دوشی کے بعد گذشتہ دو دہائیوں سے وہ دہلی میں مقیم ہیں۔ یکم اپریل 1936ء کو وہ مدھیہ پردیش کے کھنڈوا میں پیدا ہوئے۔ ہندی اور انگریزی میں بھی ان کی چند کتابیں شائع ہوچکی ہیں اور ان کی خدمات کے اعتراف میں سیکڑوں مضامین اور خاصی تعداد میں کتابیں شایع ہوچکی ہیں۔

5؍مئی 1972ء کو پاکستان کے کراچی شہر میں پیدا ہوئیں ثروت زہرہ پیشے سے ڈاکٹر ہیں اور شارجہ کے یونی ورسٹی میڈیکل کالج میں اپنے فرائضِ منصبی ادا کررہی ہیں۔ ان کے دو شعری مجموعے ’’جلتی ہوا کاگیت‘‘ (2003 ئ) اور’’ وقت کی قید سے‘‘ (2013ئ) شایع ہوچکے ہیں۔ ہندی اور سندھی زبان میں بھی ان کے شعری مجموعوں کے تراجم شایع ہوچکے ہیں۔ دنیا کے مختلف رسائل و جرائد نے ان پر گوشے شایع کیے ہیں۔ پاکستان، ہندستان اور خلیج کے مختلف اداروں نے ان کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ امریکہ ، دوحہ(قطر)، بحرین، دوبئی، کراچی، عمان، ابو ظہبی اور اسلام آباد کی عالمی تقریبات میں انھوںنے شرکت کی ہے۔

محمد صبیح بخاری نے بزمِ صدف کی ایوارڈ تقریب کے انعقاد کے سلسلے سے تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس بار 23۔24 جنوری2020ء کے دوران دوحہ، قطر میں منعقد ہونے والے پروگرام میں پہلی بار بیت بازی کے بین الاقوامی مقابلے کو شامل کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ تقسیمِ انعامات تقریب کے موقعے سے عالمی سیمینار اور مشاعرے کا انعقاد بھی حسبِ سابق کیا جارہا ہے۔ توقع ہے کہ گذشتہ برسوں کی طرح اس بار ایوارڈ تقریب علمی و ادبی اعتبار سے مہتم بالشان رہے گی۔

صفدر امام قادری نے اس بات کے لیے خوشی کا اظہار کیا کہ بزمِ صدف کے چیئرمین شہاب الدین احمد کی صدارت میں بنائی گئی عالمی جیوری نے اس بار کے انعامات کے لیے متفقہ طور پر دونوں ناموں کی سفارش کی جسے مرکزی گورننگ کونسل نے منظوری دی۔ انھوںنے بتایا کہ گذشتہ انعامات سے بزمِ صدف نے اپنے ایوارڈس کے لیے جس عالمی معیار کی تشکیل کی تھی، اس پہ اس بار کے ایوارڈس بھی انشاء اللہ کھرے اتریں گے اور اردو کے سچے خدمت گاروں کو انعام پیش کرنے کا یہ سلسلہ قبولِ عام کا درجہ حاصل کرے گا۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *