پرینکا گاندھی کا پہلا میگا روڈ شو لکھنؤ ائیرپورٹ سے کانگریس پارٹی دفتر تک

Share Article

 

پرینکا گاندھی کا روڈ شو اموسی ائیرپورٹ سے شروع ہو کر کانگریس پارٹی کے دفتر تک جائے گا۔ اس دوران 30 جگہوں پر پرینکا گاندھی کا قافلہ رکے گا۔

اپنی سیاسی اننگز شروع کرنے کے بعد پیر کے روز پرینکا گاندھی کا لکھنؤ میں پہلا میگا روڈ شو شروع ہو گیا ہے۔ لکھنؤ ائیرپورٹ کے باہر عام لوگوں اور کانگریس کارکنوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ روڈ شو میں بس پر پرینکا گاندھی کے ساتھ راہل گاندھی ، جیوترادتیہ سندھیا اور کانگریس کے دیگر اہم لیڈران بھی سوار ہیں۔

پرینکا گاندھی کا یہ میگا روڈ شو آگے بڑھ رہا ہے اور بڑی تعداد میں بچوں اور مرد وخواتین کی بھیڑ سڑکوں پر ان کا خیرمقدم کرتی نظر آ رہی ہے۔ پرینکا گاندھی کا قافلہ آہستہ آہستہ کانگریس دفتر کی طرف بڑھ رہا ہے اور کافی پرجوش نظر آ رہا ہے۔ پرینکا گاندھی یہاں چار دن کے دورہ پر آئی ہیں اور اس دوران ان کی کئی میٹنگیں ہونے والی ہیں۔

پرینکا گاندھی کا 9 گھنٹوں پر مشتمل یہ روڈ شو اموسی ائیرپورٹ سے شروع ہو کر کانگریس پارٹی کے دفتر تک جائے گا۔ اس دوران 30 جگہوں پر پرینکا گاندھی کا قافلہ رکے گا۔ روڈشو سے پہلے راہل گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’ لکھنؤ آ رہا ہوں۔ پرینکا گاندھی واڈرا جی اور جیوترادتیہ سندھیا جی ساتھ ہوں گے۔ دوپہر تقریبا بارہ بجے لکھنؤ کے ہوائی اڈے سے پارٹی دفتر تک روڈ شو کا اہتمام کیا گیا ہے۔ آپ سبھی سے ملاقات کے لئے پرجوش ہوں۔‘‘

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *