وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی مختلف عمارات کی چھتوں پر آن ۔گرڈ سولر پاور پلانٹس کا افتتاح کیا

Share Article
amu
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی( اے ایم یو ) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے سولر انرجی کارپوریشن آف انڈیا کی پی پی اے اسکیم کے تحت یونیورسٹی کی مختلف عمارات کی چھتوں پر آن ۔گرڈ سولر پاور پلانٹس کا افتتاح کیا۔ ان عمارات میں سینئر سیکنڈری اسکول ( گرلس)، اجمل خاں طبیہ کالج، سروجنی نائیڈو ہال،ایس این ہال، ویمنس پالی ٹیکنک، بی بی فاطمہ ہال، کمپیوٹر انجینئر نگ شعبہ، نیو ہال فار گرلس، ٹراما سینٹر اور ندیم ترین ہال شامل ہیں۔اس موقع پرپروفیسر منصور نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی صد فیصد گرین یونیورسٹی کا نشانہ پورا کرنے کی راہ پر گامزن ہے اور ان تنصیبات سے یونیورسٹی کو بڑے پیمانہ پر مالی فائدہ بھی حاصل ہوگا۔
الیکٹریسیٹی شعبہ کے ممبر انچارج ڈاکٹر محمد ریحان نے کہا کہ ان نئی تنصیبات سے یونیورسٹی میں شمسی توانائی کی پیداوار6.5میگا واٹ ہو جائے گی جبکہ سطح زمین پر موجود تنصیبات سے3.3میگاواٹ شمسی توانائی پہلے ہی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اتنے بڑے پیمانہ پر شمسی توانائی پیدا کرنے والا ہندوستان کا پہلا ادارہ بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو نیشنل سولر مشن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس سے یہاں کے انجینئرنگ طلبہ کو گرڈ سے منسلک شمسی توانائی پلانٹ کا اصول سمجھنے میں آسانی ہوگی۔
اس موقع پر پروفیسر بدر الحسن خاں( ڈین انجینئرنگ فیکلٹی)، پروفیسر خالد زماں خاں (ڈین، یونانی میڈیسن فیکلٹی)،پروفیسر ایم ایم سفیان بیگ (پرنسپل، ذاکر حسین انجینئرنگ کالج)،پروفیسر سعود علی خاں (پرنسپل، اجمل خاں طبیہ کالج)، پروفیسر اصفر علی خاں( او ایس ڈی، وائس چانسلر)، پروفیسر حارث ایم خان( میڈیکل سپرنٹنڈنٹ)،پروفیسر فخر الہدی، ڈاکٹر سلمیٰ شاہین ( پرنسپل، ویمنس پالی ٹیکنک)یونیورسٹی رجسٹرار مسٹر عبدالحمید( آئی پی ایس)، پروفیسر نثاراحمد، پروفیسر سیما حکیم ( پرووسٹ، سروجنی نائیڈو ہال)، پروفیسر غزالہ پروین( پرووسٹ، بی بی فاطمہ ہال)، پروفیسر صبوحی خان، پروفیسر شکیل احمد ( ممبر انچارج، بلڈنگ ڈپارٹمنٹ)، محترمہ نغمہ عرفان( پرنسپل، سینئر سیکنڈری اسکول گرلس) اور یونیورسٹی انجینئر مسٹر فیروز خان بھی موجود تھے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *