مولانااسرارالحق قاسمیؐ کے گھر اورپھران کی قبرپرگئے نتیش کمار

Share Article
nitish-kumar
ملک کے معروف عالم دین وممبرپارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی کی رحلت پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے آج بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کشن گنج پہنچے اور ان سے ملاقات کرکے مرحوم کی وفات پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیااور مولانا کی روح کے سکون کیلئے دعاء کی۔انہوں نے کہاکہ مولانا مرحوم سیاسی میدان میں اپنے نرم مزاج اور صاف دلی کیلئے جانے جاتے تھے اور سماجی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے جس کی وجہ سے اپنے حلقے میں انہیں غیر معمولی مقبولیت حاصل تھی۔
cm-nitish
تازہ ترین میڈیاگروپ کے مطابق،انہوں نے کہاکہ کشن گنج میں اے ایم یوسینٹر کے قیام کے سلسلے میں انہوں نے بے پناہ جدوجہد کی تھی اور بہار حکومت کے ساتھ مرکزی حکومت کے مسلسل رابطے میں رہے اور کشن گنج کی تعلیمی ترقی کے لئے انہوں نے ہر ممکن کوشش کرکے یہ سینٹر قائم کروایا۔نتیش کمار نے کہاکہ مولانا قاسمی کی وفات سے سماجی و سیاسی حلقے میں ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے جس کی بھرپائی مشکل ہے۔ انہوں نے کہاکہ مولانا نے ہمیشہ سماج کو جوڑنے کاکام کیا ،ان کے دل میں کسی قسم کا مذہبی بھید بھاؤ نہیں تھا۔گزشتہ سال سیلاب کے موقع پر انہوں نے سیمانچل کے سیلاب متاثرین کے درمیان پہنچ کر بڑے پیمانے پر ریلیف کاکام کیا اور باربار فون کرکے مجھے متوجہ کرتے رہے کہ سیلاب متاثرین کو راحت پہنچانے کے لئے اقدامات کروں اورکہاکہ نتیش بابو آپ کو علاقے کے غریب وپسماندہ متاثرین دعادیں گے اورمیں نے ان کے کہنے کی وجہ سے سیلاب متاثرین کے درمیان تیزی سے راحت کاکام کروایا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مولانا کا اخلاق اتنا بلند تھا کہ ان کی بات مانتے ہوئے ان کا ہر کام کردیاکرتا تھااور اسی وجہ سے جب بھی انہوں نے عوام سے جڑے کسی بھی کام کے لئے مجھ سے ملاقات کے لئے وقت مانگا تو میں نے انہیں وقت دیا اوران سے ملاقات کی۔انہوں نے کہاکہ میں نے مولانا کے کہنے کی وجہ سے سیمانچل اور کشن گنج کے خطے میں کئی اہم ترقیاتی کام کرائے۔
وزیر اعلیٰ نے مولانا کے صاحبزادگان سہیل اختر،مولانا سعود عالم ندوی ازہری،فہد اسرار،برادران مرآۃ الحق وبہار کے سابق وزیر زاہدالرحمن،بڑے داماد فیاض احمد اورچھوٹے دامادفیصل عالم سے خاص طورپر تعزیت کی۔اس موقع پر مدرسہ بدرالعلوم پھول گاچھی کے مہتمم مولانا مسعود اختر قاسمی ،دارالعلوم کشن گنج کے مہتمم مفتی اظہار قاسمی ،دارالعلوم بہادر گنج کے مفتی جسیم قاسمی ،شیخ الحدیث مولانا افتخارحسین مدنی ،ڈگروا کے کانگریسی لیڈر نثار احمد،شیشہ باڑی پورنیہ کے شمشاد عالم ،ارریہ کے مفتی انعام الباری ،مدرسہ جعفریہ سرائے پوری کے مہتمم مولانا خالد انور ،فرنگ گولہ دارالعلوم کے مہتمم مفتی مناظر حسن ،ایم پی کے ضلع نمائندہ پروفیسر شفیع احمداور بہادر گنج کے ڈاکٹر ظریف احمد سمیت بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی کارکنان موجود رہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *