مریم نواز کو جیل میں سہولیات نہیں بلکہ کھٹمل اور مچھروں کی بھر مار

Share Article

اسلام آباد۔ چوہدری شوگر مل معاملہ میں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں عدالتی حراست میں قید پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی اور پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو ایک چھوٹے سے کمرے میں رکھا گیا ہے جس میں کھٹمل اور مچھروں کی بھرمار ہے۔

نواز شریف کے پرائیویٹ ڈاکٹر عدنان خان نے دعوی کیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود مریم کو جیل کے افسران مکمل سہولیات مہیا نہیں کرا رہے ہیں۔ مریم اور ان کے کزن یوسف عباس کو چودھری شوگر مل معاملہ میں لاہور کی ایک احتساب عدالت نے گزشتہ ماہ عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔

ڈاکٹرعدنان خان نے جمعہ کو میڈیا میں جاری بیان میں عدالت کے احکامات کے باوجود جیل حکام کے مریم کو جیل میں بہتر سہولیات مہیا نہ کرنے پر ناراضگی ظاہر کی۔ ڈاکٹر خان نے مریم سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی تھی۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ مریم کو جیل میں ایک چھوٹے سے کمرے میں رکھا گیا ہے۔ اس کمرے میں بنیادی سہولیات نہیں ہیں اور کھٹمل اور مچھروں کی بھرمارہے۔ مریم کو جیل میں گھر میں تیار کھانا مہیا کرانے کی بھی جیل حکام نے اجازت نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات کے مطابق مریم بہترسہولیات کی مستحق ہیں۔ ڈاکٹر خان نے جیل حکام سے مریم کو فوری طور پر سہولیات مہیا کرانے کی اپیل کی ہے۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *