داعش مقدمہ:گرفتار مسلم نوجوانوں کو مزید 14 فروری تک پولس تحویل میں بھیجا گیا

Share Article
court
ممبئی :مہاراشٹر کے اورنگ آباد اور ممبئی سے قریب مسلم آبادی والے ممبرا سے گرفتا ر مسلم نوجوانوں کو گذشتہ روزاورنگ آباد کی خصوصی یو اے پی اے عدالت نے 14؍ فروری تک مزید پولس تحویل میں دیئے جانے کے احکامات جاری کیئے ۔اس معاملے میں گرفتار ملزمین سلمان خان ، محسن خان ، مظہر شیخ عبدالرشید ، محمد تقی ، محمد سرفراز عبدالحق عثمانی،جمال نواب کو بروقت قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے دفتر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز تمام ملزمین کو یو اے پی اے عدالت کے جج کے آرچودھری نے مہاراشٹر انسداد دہشت گرد دستہ (اے ٹی ایس)کی جانب سے گرفتار ملزمین کو مزید ۹؍دنوں کے لیئے پولس تحویل میں دیئے جانے کے احکامات جاری کیئے، حالانکہ استغاثہ نے ملزمین کی مزید ۱۴؍ دنوں کی پولس تحویل طلب کی تھی لیکن دفاع کی مخالفت کے بعد عدالت نے ملزمین کو ۹؍دنوں کے لیئے پولس تحویل میں بھیج دیا ۔
صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء کی جانب سے ایڈوکیٹ خضر پٹیل ملزمین کے دفاع میں پیش ہوتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزمین سے تفتیش تقریباًمکمل ہوچکی ہے لہذا اب انہیں مزید پولس تحویل میں نہیں دیا جانا چاہئے نیز ملزمین کے قبضہ سے جو حاصل کرنا تھا وہ بھی اے ٹی ایس حاصل کرچکی ہے ۔حالانکہ سرکاری وکیل نے عدالت سے کہا کہ ابھی تک ان کی تفتیش مکمل نہیں ہے لہذا انہیں مزید ایام درکار ہیں تاکہ ملزمین سے تفتیش کی جاسکے ۔فریقین کی بحث کی سماعت کے بعد خصوصی عدالت نے ملزمین کو14؍ فروری تک پولس تحویل میں بھیج دیا۔اسی درمیان دفاعی وکیل خضر پٹیل نے ملزمین کے اہل خان کو ملزمین سے عدالت کی اجازت حاصل کرکے ان کی ملاقات کرائی جو اورنگ آباد اور بیرون اورنگ آبادسے آئے ہوئے تھے۔
داعش کے ہم خیال ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار ملزمین کی گرفتاری پر اپنے رد عمل کا اظہا کرتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزا ر اعظمی نے کہا کہ ملزمین کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے نیزآج پہلا ریمانڈ مکمل ہوجانے کے باجود اے ٹی ایس کو ملزمین سے کچھ بھی پختہ ثبوت ہاتھ نہیں لگا جس کی بنا پر اس نے ملزمین کی مزید پولس تحویل طلب کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملزمین کے دفاع میں جمعیۃعلماء نے ایڈوکیٹ خضر پٹیل کی سربراہی میں وکلاء کی ایک ٹیم تیار کی ہے جو معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے نیز دہشت گردانہ معاملات کے تجربہ کار وکلاء (ممبئی و دہلی) سے بھی صلاح و مشورہ کیا جارہا ہے۔ممبرا اور دیگر شہروں سے اورنگ آباد پہنچے ملزمین کے اہل خانہ کے قیام و طعام کا بندوبست قاری امین الدین (جنرل سیکریٹری مراٹھواڑہ) اور مبین صاحب (جنرل سیکریٹری ضلع اونگ آباد) اور ان کے رفقاء نے کیا تھا اور دوران سماعت اورنگ آباد سیشن عدالت میں بھی وہ ملزمین کے اہل خانہ کے ہمراہ موجود تھے۔واضح رہے کہ اے ٹی ایس نے ملزمین پر الزام عائد کیا ہیکہ وہ ممنو ع تنظیم داعش کے ہم خیال ہیں اور وہ ملک میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینا چاہتے ہیں ۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *