اجمیرمیں عرس زائر ین کیلئے جمعیۃ علماء ہند کا میڈیکل کیمپ شروع 

Share Article
medical-camp

جمعیۃ علماء ہند کے اس عمل نے ملی اتحاد کی راہ ہموار کی ہے :پروفیسر اختر الواسع 

نئی دہلی؍ اجمیر شریف :آج یہاں خواجہ کی نگری اجمیر شریف میں جمعےۃ علماء ہندکے زیر اہتمام میڈیکل کیمپ کا افتتاح عمل میں آیا جو دس روزہ عرس کے دوران زائرین کے لیے مفت طبی خدمت پیش کرے گا ۔ اس کے ساتھ ہی جمعےۃ علماء ہندجو سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین اجمیری ؒ کے مسلکِ خدمتِ خلق کی علم بردار تنظیم ہے، اس کے کارکنان نے کائیڈ وشرام استھلی میں آج سے طبی سرگرمی شروع کردی ۔

amjer
اس سلسلے میں مذکورہ مقام پر ہفتہ کی دوپہر ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں درگاہ اجمیرشریف کی سبھی کمیٹیوں کے ذمہ داران موجود تھے۔ تقریب کی صدارت مولانا قاری امین صدر جمعےۃ علماء راجستھان نے کی، جب کہ مہمان خصوصی کے طور پر مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعےۃ علماء ہند، پروفیسر اخترالواسع صدر مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپورشریک ہوئے۔اس کے علاوہ درگاہ سے سید واحد حسین چشتی انگارا،سید توفیق چشتی، سید آل بدر،سید نظام الدین، سید ابوطالب چشتی، سید معین چشتی ، سید عبدالجلال چشتی ، عبد المجید چشتی ، ذوالفقار چشتی ، ناظم درگاہ شکیل احمد چشتی، حاجی عبدالوہاب چشتی، نائب ناظم ڈاکٹر محمد ناظم چشتی اورشہرکے ایڈیشنل ایس پی پنا لال مشرا ، جمعےۃ علماء راجستھان کے نائب صدر مولانا شبیر احمد قاسمی ،عتیق الرحمن قریشی سکریٹری جمعےۃ علماء بناس کانٹھا ، جمعےۃ علماء ہند کے آرگنائزر مولانا علیم الدین اجمیری ، مولانا ابوالحسن پالن پوری،مولانا حفظ الرحمن تھور موجود رہے۔

ambulance
اس موقع پر اپنے خطاب میں سید واحد حسین چشتی انگارا اورپروفیسر اخترالواسع نے اپنے خطاب میں مشترکہ طور سے جمعےۃ علماء ہند کی ہمہ گیر خدمات کا اعتراف کیا اور میڈیکل کیمپ کے لیے مولانا محمود مدنی کی ستائش کی، پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ جمعےۃ علماء ہند کے اس عمل نے ملی اتحاد کی راہ ہموار کی ہے ۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ اس بار جمعےۃ علماء بناس کانٹھا کی ٹیم کیمپ میں اسسٹ کرے گی، مولانا شبیر احمد قاسمی نائب صدر جمعےۃ راجستھان یونٹ نگرانی کریں گے۔پالن پور سے 13ڈاکٹرس، 12جی پی ، 4؍ فارماسسٹ اپنی خدمت دیں گے ، نیز جمعےۃ یوتھ کلب پاغپت اور شاملی کے 15رضا کار مولانا رفاقت کی نگرانی میں تعاون پیش کریں گے ۔

واضح ہو کہ جمعےۃ علماء ہند نے 2016ء میں اجمیر شریف میں اپنا 33؍واں اجلاس عام منعقد کیا تھا ، جس میں ملت اسلامیہ ہند کے مابین اتحاد و اشتراک پر زور دیا گیا تھا۔ اس اجلاس نے دیوبند اور اجمیر شریف میں پیداکردہ دوری کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔اُس اجلاس عام سے قبل تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی، ایک وفد کے ساتھ بذات خود درگاہ کے ذمہ داروں سے بھی ملے تھے اور اس تاریخی موقع پر انھوں نے ذمہ داروں سے کہا تھا کہ وہ ان سے محبت اور اپنائیت لینے آئے ہیں۔اس بعد سے ہی جمعےۃ علماء ہند نے عرس کے موقع پر یہاں میڈیکل کیمپ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ، جمعےۃ علماء ہند کی تاریخ بتاتی ہے کہ اس کے اکابر کا ہمیشہ اس درگاہ سے تعلق رہا ہے اور یہاں 70 کی دہائی میں بھی میڈیکل کیمپ لگائے جاتے تھے ۔مولانا محمود مدنی نے صرف اسی روایت کو شروع کیا ہے ۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *