دوسرامرحلہ:لوک سبھا کی 95سیٹوں کے لئے پولنگ شروع

Share Article

voting

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 12 ریاستوں کی 95 سیٹوں پر پولنگ صبح سات بجے سے شروع ہو گئی ہے۔ دوسرے مرحلے میں 12 ریاستوں میں 95 سیٹوں پر آج صبح سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان پولنگ ہورہی ہے۔ بیشتر حلقوں میں پولنگ صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک ہوگی، تاہم کچھ علاقوں میں سیکورٹی کے نقطہ نظر سے ووٹنگ شام چار بجے تک اور پانچ بجے تک ہی ہوسکے گی۔اس کے ساتھ ہی اڑیسہ اسمبلی کے لئے 35 سیٹوں پر بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔دوسرے مرحلے میں 95 سیٹوں پر کل 1596 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ اس میں اتر پردیش کی آٹھ، بہار، اڑیسہ اور آسام کی پانچ پانچ، تمل ناڈو کی 38، کرناٹک کی 14، مہاراشٹر کی 10، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال کی تین تین، جموں و کشمیر کی دو اور منی پور اور پڈوچیری کی ایک ایک سیٹ پر ووٹنگ ہوگی۔

لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کئی بڑے لیڈروں کی ساکھ داؤ پر لگی ہے۔ اس میں ایک سابق وزیر اعظم سمیت دو سابق وزیر اعلی بھی ہیں۔ جمعرات (18 اپریل) کو ہونے والے دوسرے مرحلے کی پولنگ میں سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا ، ڈی ایم کے لیڈر دیاندھی مارن، اے راجا، کنی موئی ، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی اشوک چوان، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ، اتر پردیش کانگریس کے صدر راج ببر، بی جے پی کی ہیما مالنی ، بی ایس پی کے دانش علی جیسے بڑے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ بھی قسمت آزما رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لیے 19 مارچ کو جاری کی گئی نوٹیفکیشن کے مطابق 13 ریاستوں کی 97 سیٹوں پر پولنگ ہونا تھا، لیکن حال ہی میں کمیشن کی طرف تری پورہ کی مشرقی تری پورہ اور تمل ناڈو کی ویلور سیٹ پر ووٹنگ ملتوی کئے جانے کی وجہ سے جمعرات کو 12 ریاستوں کی 95 سیٹوں پر پولنگ ہورہی ہے۔بتادیں کہ تمل ناڈو کے ویلور میں انکم ٹیکس کے چھاپے میں 11 کروڑ روپے سے زائد کی نقد رقم برآمد ہونے کے بعد پولنگ ردکر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تری پورہ میں سیکورٹی ا نتظامات کے پیش نظر مشرقی تری پورہ سیٹ پر الیکشن ملتوی کر دیا گیا ہے اور وہاں تیسرے مرحلے میں 23 اپریل کو پولنگ ہوگی۔

لوک سبھا کی 543 سیٹوں کے لئے سات مراحل میں انتخابات ہونا ہے۔ پہلے مرحلے میں 11 اپریل کو ہوئے انتخابات میں 20 ریاستوں کی 91 سیٹوں پر پولنگ ہو چکی ہے۔ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی۔

 

 

 

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *