جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں 150بچوں کے دل کا کامیابی کے ساتھ علاج کیا گیا

Share Article
doctors-team
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) نے قومی اطفال صحت پروگرام (آربی ایس کے) کے تحت اترپردیش کے مختلف علاقوں کے 150؍بچوں کا مفت میں کامیابی کے ساتھ علاج کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ ان سبھی بچوں کے دل میں پیدائش کے وقت سے ہی سوراخ تھے۔ اے ایم یو کے پرووائس چانسلر اور سینئر کارڈیوتھوریسک سرجن پروفیسر ایم ایچ بیگ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے ڈاکٹروں کے لئے یہ ایک عظیم اور قابل فخر کامیابی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آربی ایس کے اسکیم کے تحت جن 150؍بچوں کا علاج ہوا ان میں سے 105؍بچوں کے دل کے علاج میں ڈیوائس کلوزر کا عمل کیا گیا ، اس میں 45؍بچے سنگین طور سے بیمار تھے اور ان کی اوپن ہارٹ سرجری کرنی پڑی۔
اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر تبسم شہاب جن کا مذکورہ پروگرام کی ابتدا کرنے میں اہم رول ہے ، انھوں نے کہاکہ پورے اترپردیش میں جے این ایم سی واحد صحت مرکز ہے جہاں پیڈیاٹرک کارڈیالوجی اور کارڈیوتھوریسک سرجری کی اکائیاں کام کررہی ہیں۔ آربی ایس کے کے نوڈل افسر پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر شاد عبقری نے کہا کہ دل کے مرض کے ساتھ پیدا ہونے والے بچوں کو علاج کے لئے پہلے دہلی جانا پڑتا تھا جہاں علاج کا خرچ زیادہ ہوتا ہے اور طویل انتظار بھی کرنا پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اے ایم یو انتظامیہ اور حکومت ہند کی کاوشوں سے مذکورہ پیڈیاٹرک کارڈیئک ایویلوئیشن اینڈ کارڈیئک سرجری (پی سی ای۔سی ای) یونٹ کو قائم کیا گیا۔ پیڈیاٹرک کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر کامران مرزا نے کہاکہ غریب مریضوں کے لئے یہ یونٹ کسی نعمت سے کم نہیں جہاں انھیں مفت میں عالمی معیار کا علاج فراہم کیا جارہا ہے۔
کارڈیوتھوریسک سرجری شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اعظم حسین نے بتایا کہ کئی پیچیدہ مریضوں کا کامیابی کے ساتھ آپریشن کیا گیا۔ یہ ایک ٹیم ورک ہے جس میں ڈاکٹر شمیم گوہر (انستھیسیا)، ڈاکٹر شہزاد عالم، ڈاکٹر سمیت پرتاپ، ڈاکٹر غضنفر خاں، صابرعلی خاں، انور علی اور دیگر کا تعاون شامل رہتا ہے۔ ڈسٹرکٹ ارلی انٹرونشن سنٹر، اے ایم یو کی انچارج ڈاکٹر عظمیٰ فردوس نے کہا کہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے لئے یہ فخر کا مقام ہے کیونکہ شمالی ہند میں بہت کم کارڈیئک سنٹرس ہیں جہاں دل کے پیدائشی سوراخ کے علاج و سرجری کی سہولت دستیاب ہے۔
میڈیکل کالج کے پرنسپل اور فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر ایس سی شرما نے معالجین کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ جے این ایم سی کم قیمت میں بہتر علاج کے لئے جانا جاتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ میڈیکل کالج میں کارڈیئک سرجری اور کارڈیالوجی خدمات کی فراہمی علاقہ کے لئے ایک بڑی نعمت ہے کیونکہ شمالی ہند میں پیدائش سے ہی دل کے مرض میں مبتلا بچوں میں سے اکثر بچوں کو ابھی تک معقول علاج نہیں مل پاتا تھا۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *