جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال میں ایمرجنسی ، آپریشن تھیئٹر، آئی سی یو، سی سی ڈبلیو کی خدمات احتجاج کے دائرہ سے باہر

Share Article

 

علی گڑھ، 20؍جون: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی( اے ایم یو)کے پرنسپل اور سی ایم ایس پروفیسر ایس سی شرما نے واضح کیا ہے کہ جے این ایم سی میں ایمرجنسی، آپریشن تھیئٹرس، آئی سی یو اور سی سی ڈبلیو کی خدمات معمول کے مطابق دستیاب رہیں گی اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی ہڑتال سے یہ خدمات متاثر نہیں ہوں گی۔

 

پروفیسر شرما نے احتجاجی ڈاکٹروں کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا ہے کہ ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات کے جلد سے جلد نفاذ کے حق میں سبھی ہیں، یونیورسٹی حکام نے حکومت ہند کی متعلقہ وزارت سے رابطہ کیا ہے اور وہ مثبت جواب کی امید رکھتے ہیں۔
انھوں نے کہا ’’یونیورسٹی کے طلبہ، ملازمین اور فرسٹ ایڈ مینجمنٹ کے مریضوں کے لئے ایمرجنسی شعبہ معمول کے مطابق کام کرتا رہے گا۔ آئی سی یو ؍ سی سی ڈبلیو معمول کے مطابق کام کرے گا اور او پی ڈی بھی سبھی مریضوں کے لئے کھلی رہے گی اور صبح 10:30 بجے تک رجسٹریشن ہوگا۔

 

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپریشن تھیئٹرس، بھرتی مریضوں کے لئے کام کرتے رہیں گے ۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سالِ اوّل (بیچ 2019) کے جونیئر ریزیڈنٹس کسی بھی قسم کی چھٹی لینے کے حقدار نہیں ہیں کیوں کہ ان کا داخلہ حال ہی میں یعنی مئی 2019میں ہوا ہے۔

 

نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سبھی سربراہانِ شعبہ اور ڈائرکٹر صاحبان، جونیئر ڈاکٹروں کی غیرمجاز غیرحاضری کی یومیہ رپورٹ بھیجیں۔ بغیر سابقہ اطلاع اور چھٹی کی درخواست کے غیرحاضر رہنے پر جونیئر ریزیڈنٹس کی میعاد میں توسیع کی جاسکتی ہے۔

 

یونیورسٹی رجسٹرار مسٹر عبدالحمید نے کہاکہ اے ایم یو انتظامیہ اور وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور ، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یوجی سی) اور وزارت فروغ انسانی وسائل کے اہلکاروں سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور جونیئر اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے لئے ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات کے فوری نفاذ کے لئے کوشاں ہیں۔

 

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کے مکتوب کا حوالہ دیتے ہوئے یوجی سی کے سکریٹری مسٹر رجنیش جین نے وزارت فروغ انسانی وسائل، حکومت ہند کی جوائنٹ سکریٹری (اعلیٰ تعلیم) محترمہ اِشیتا رائے کو مکتوب لکھ کر درخواست کی ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور بنارس ہندو یونیورسٹی کے میڈیکل کالجوں اور یونیورسٹی کالج آف میڈیکل سائنسز (یو سی ایم ایس) کے جونیئر و سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کے لئے ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات کو نافذ کئے جانے کے عمل میں تیزی لائی جائے۔

 

وائس چانسلر نے احتجاجی ڈاکٹروں سے بھی کام پر واپس آ نے کی اپیل کی ہے تاکہ مریضوں کو طبی سہولیات معمول کے مطابق مل سکیں۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو رجسٹرار جناب عبدالحمید (آئی پی ایس) نے نئی دہلی میں آئی سی سی آر کے ڈائرکٹر جنرل سے ملاقات کی
علی گڑھ20؍جون:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی( اے ایم یو) کے رجسٹرار مسٹر عبدالحمید (آئی پی ایس) نے آج نئی دہلی میں انڈین کاؤنسل فار کلچرل ریلیشنز (آئی سی سی آر)، وزارت خارجہ، حکومت ہند کے ڈائرکٹر جنرل مسٹر اکھلیش مشرا( آئی ایف ایس) سے ملاقات کی۔ رجسٹرار موصوف نے ڈائرکٹر جنرل کو اے ایم یو میں زیرِ تعلیم غیر ملکی طلبہ کی تفصیلات اور اے ایم یو کی جانب سے ان کی بہبود کے لئے کئے گئے مختلف اقدامات جیسے کہ ان کے قیام، سلامتی، درخواست دینے کے عمل میں آسانی، سفارت خانوں سے رابطے اور سنگل وِنڈو نظام وغیرہ کے بارے میں بتایا۔
اس موقع پر اے ایم یو میں غیرملکی طلبہ طالبات کے داخلے میں اضافہ کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ رجسٹرار موصوف نے آئی سی سی آر کے ڈائرکٹر جنرل کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے دورے کی بھی دعوت دی۔ اس موقع پر آئی سی سی آر کے ڈائرکٹر مسٹر سید محمود اختر (آئی آر ایس) بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں لان ٹینس کوچنگ کیمپ کے لئے طلبہ کا رجسٹریشن شروع
علی گڑھ، 20؍جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ٹینس کلب کی جانب سے اے ایم یو اور اس کے اسکولوں کے طلبہ کے لئے 26؍جون سے 10؍جولائی 2019 تک لان ٹینس کا سَمر کوچنگ کیمپ منعقد کیا جارہا ہے۔ کیمپ کا وقت سہ پہر 4:30 بجے سے 7؍بجے تک رہے گا۔
ٹینس کلب کے صدر پروفیسر امجد مسعود نے بتایا کہ کوچنگ مفت میں دی جائے گی۔ کلب کے سابق کپتان مسٹر اشتیاق علی کوچنگ دیں گے۔ کیمپ میں شرکت کے خواہشمند طلبہ 50؍ روپئے فیس ادا کرکے اپنا رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔ www.amu.ac.in/games/9540/pdf پر رجسٹریشن فارم دستیاب ہیں۔ کیمپ کے شرکاء کو طے شدہ ڈریس اور کِٹ کے ساتھ آنا ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭
اے ایم یو میں سات روزہ یوگا ورکشاپ و لیکچر سیریز کے تحت پروفیسر سید امجد علی رضوی کا خصوصی خطاب
علی گڑھ، 20؍جون: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی( اے ایم یو) کے فزیکل ایجوکیشن شعبہ کے زیر اہتمام پانچویں بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر منعقدہ سات روزہ یوگا ورکشاپ و لیکچر سیریز کے چھٹے دن گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر سید امجد علی رضوی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
پروفیسر رضوی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے یوگا کی اہمیت اور عالمی سطح پر اس کے فروغ میں ہندوستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے پی آر او مسٹر عمر سلیم پیرزادہ اور ڈاکٹر سلطانہ بطور مہمان اعزازی موجود رہے۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر راجندر سنگھ، ڈاکٹر نوشاد وحید انصاری اور ڈاکٹر محمد ارشد باری نے کی۔ پروگرام کے کوآرڈنیٹر اور فزیکل ایجوکیشن شعبہ کے سربراہ پروفیسر ضمیر اللہ خان نے سبھی شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اساتذہ اور طلبہ کثیر تعداد میں موجود رہے۔
٭٭٭٭٭٭

(دفتر رابطۂ عامہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ)

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *