امریکہ کو شکست سے دوچار کریں گے: ایرانی وزیر دفاع

Share Article

amir-hatmi

دبئی:ایران کے وزیر دفاع میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ اْن کا ملک امریکی اسرائیلی اتحاد کو شکست سے دوچار کر دے گا۔ یہ بات ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بدھ کے روز بتائی۔حاتمی نے امریکہ کو “سب سے بڑا شیطان” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی نوعیت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلی ترین دفاعی عسکری استعداد کا حامل ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ ایرانی وزیر دفاع کا یہ بیان امریکی سینیٹر اور خارجہ پالیسی کے حوالے سے کانگریس کی ایک اہم شخصیت ٹوم کیٹن کے موقف کے جواب میں آیا ہے۔ کیٹن نے پورے اعتماد سے کہا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ جنگ چھڑی تو امریکہ اسے اپنے نام کر لے گا۔ ان کا کہا تھا کہ یہ معاملہ صرف ’دو فضائی حملوں‘کی مار ہے۔امریکی سینیٹر کیٹن نے منگل کے روز ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ “وہ ایران کے خلاف جنگ چھیڑنے کا دفاع نہیں کر رہے ہیں مگر خطے میں امریکی مفادات کے خلاف کسی بھی اشتعال انگیزی کا غضب ناک جواب دیا جائے گا۔

ادھر ایرانی وزیر دفاع میجر جنرل حاتمی نے واضح کیا ہے کہ اْن کا ملک عراق ایران جنگ کے مقابلے میں عسکری پہلو، افرادی قوت، مادی اور روحانی ترقی کے لحاظ سے اب زیادہ بہتر مقام پر ہے۔ واضح رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے کچھ عرصہ قبل بعض سیاست دانوں سے ملاقات میں امریکی پابندیوں کی بنیاد پر کہا تھا کہ ایران آج عراق کے ساتھ جنگ کے لحاظ سے زیادہ بری پوزیشن میں ہے۔ اس لیے کہ گزشتہ صدی کی 80ء کی دہائی میں تہران اور بغداد کے درمیان جنگ کے عرصے کے برخلاف ایران کے آئل اور بینکنگ سیکٹرز کو امریکی پابندیوں کا سامنا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے امریکی مفادات کو ہدف بنانے کی کوشش کی تو اس کو “بھاری خمیازہ” بھگتنا پڑے گا۔ وہائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکہ دیکھے گا کہ ایران سے ساتھ کیا ہو گا لیکن اگر اس (ایران) نے کچھ کرنے کی کوشش کی تو یہ بڑی سنگین غلطی ہو گی۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی گزشتہ جمعرات کے روز خبردار کیا تھا کہ ایران کے کسی بھی حملے کا “فوری اور بھرپور” جواب دیا جائے گا۔تہران کی جانب سے گزشتہ بدھ کے روز یہ اعلان کیا گیا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی پر روک کے حوالے سے اپنی پاسداریوں کو کم کر دے گا اور عالمی قوتوں کے ساتھ طے پائے گئے جوہری معاہدے سے بتدریج پیچھے ہٹتا چلا جائے گا۔متحدہ عرب امارات میں فجیرہ کے علاقائی پانی کے نزدیک آئل ٹینکروں پر حملے کے بعد ایک باخبر امریکی عہدے دار منگل کے روز کہا تھا کہ امریکی قومی سلامتی کی ایجنسیاں سمجھتی ہیں کہ اس حملے میں ایران کے زیر انتظام ملیشیاؤں یا ان کے ایجنٹس کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *