صفدرجنگ ہسپتال میں وزیر آیوش کے ہاتھوں یونانی و سدھ سنٹر کا افتتاح

Share Article

 

شریپاد یسو نائک، وزیرمملکت(آزاد قلمدان) برائے آیوش ووزیر مملکت برائے دفاع ، حکومت ہندنے آج سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن کے تحت صفدر جنگ ہسپتال ، نئی دہلی میں قائم ’یونانی میڈیکل سنٹر‘ کاافتتاح کیا۔ انہوں نے سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان سدھ کے ماتحت قائم’ سدھ کلینکل ریسرچ یونٹ‘ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی کی قیادت میں حکومت ہند آیوش طبی نظاموں کے ذریعہ لوگوں کی صحتی دیکھ ریکھ پر خاص توجہ دے رہی ہے ۔

وزارتِ آیوش ’آیوشمان بھارت‘ کے تحت 1.5لاکھ ہیلتھ اینڈ ویلنیس سنٹر پر طبی سہولیات مہیا کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ حکومت نے پورے ملک میں 12500آیوش ویلنیس سنٹر قائم کرنے کا ہدف طے کیا ہے جن میں سے 4000سنٹر اسی سال قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ ملک کے کونے کونے سے صفدرجنگ ہسپتال آنے والے مریضوں کو ’یونانی میڈیکل سنٹر‘ اور’ سدھ کلینکل ریسرچ یونٹ‘ کے ذریعہ طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔

اپنے صدارتی خطاب میں محترم پرمود کمار پاٹھک، ایڈیشنل سکریٹری، وزارتِ آیوش، حکومت ہندنے کہا کہ لوگوں کی طبی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے روایتی طبی نظاموں کی توسیع ایک مثالی اور کفایتی حل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت آیوش ہندستانی طبی نظاموں کے ہرممکن فروغ کے لیے کاربند ہے اورنیشنل پبلک ہیلتھ سسٹم میں ان کے استعمال کو وسیع کرکے انہیںمرکزی دھارے میں شامل کررہی ہے۔ ڈاکٹر ڈی سی کٹوچ، ایڈوائزر (آیوروید)، وزارت آیوش نے کہا کہ نیشنل ہیلتھ پالیسی 2017میں مختلف طبی نظاموں کے انضمام پر کافی زور دیا گیا ہے اور صفدر جنگ ہسپتال میں آیوش سنٹرز کا قیام اس سمت میں اہم قدم ہے۔ڈاکٹر سنیل گپتا، میڈیکل سپرنٹنڈینٹ، صفدر جنگ ہسپتال نے کہا کہ وزیراعظم عزت مآب نریندر مودی کی دور اندیش قیادت کے سبب آیوش طبی نظاموں کو عالمی سطح پر بہت مقبولیت مل رہی ہے۔پروفیسر عاصم علی خان، ڈائریکٹر جنرل، سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ صفدرجنگ ہسپتال میں ’یونانی میڈیکل سنٹر‘ کا قیام ایلوپیتھی ہسپتالوں میں آیوش کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیاہے تاکہ مریض ایک ہی ہسپتال میں مختلف طبی نظاموں سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے تحت سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن کے ذریعہ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا ہسپتال اور دین دیال اپادھیائے ہسپتال، نئی دہلی میں قائم کردہ دو’ یونانی میڈیکل سنٹر‘ ایک مدت سے کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں۔

قبل ازیں پروفیسر کے کناکا ولی ، ڈائرکٹر جنرل، سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان سدھ نے صفدر جنگ ہسپتال میں سدھ و یونانی سنٹرز کو جگہ دینے کے لیے حکومت ہند اورہسپتال انتظٓامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مہمانوں نے سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان سدھ کی مطبوعہ سدھ پر ایک دستاویزاور جرنل آف ریسرچ ان سدھ میڈیسن کے ساتھ ساتھ سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن کے ذریعہ شائع ذیابیطس شکری( Mellitus Diabetes)، ضغط الدم قوی(Hypertension) اور موٹاپے(Obesity) پر لٹریچر کا اجرا کیا ۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *