’یومِ ہندی‘ ہندوستانی عوام کو ان کی مشترکہ جڑوں اور قومی اتحاد کو یاد دلاتا ہے: پروفیسر طارق منصور

Share Article
Hindi-week-at-amu
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کی سرکاری زبان (ہندی) عملدرآمد کمیٹی نے آج سے ’ہندی ہفتہ‘ کی تقریبات کا سلسلہ شروع کیا جس کا افتتاحی پروگرام آرٹس فیکلٹی لاؤنج میں ہوا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ آج کا دن ہندی کی ترویج و اشاعت اور فروغ کے لئے وقف ہے اور یہ ہندوستانی عوام کو ان کی مشترکہ جڑوں اور قومی اتحاد کو یاد دلاتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ سبھی زبانوں کی شاندار ادبی روایت ہے اور سرکاری زبان کی حیثیت سے ہندی کو پورے ملک میں فروغ دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ دوسری زبانوں کے الفاظ کے استعمال سے ہندی مزید مالامال ہوگی اور دیگر زبانوں اور ثقافتوں کو اپنانے سے کثرت میں وحدت کو تقویت ملے گی۔ یونیورسٹی کے شعبۂ ہندی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر نے کہاکہ یونیورسٹی کی سرکاری زبان علمدرآمد کمیٹی شعبۂ ہندی کو اپنا بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔
پروگرام میں کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے سنٹرل ہندی ڈائرکٹریٹ کے سابق ڈائرکٹر اور مشہور قلمکار و ادیب پروفیسر گنگا پرساد وِمل نے کہا کہ اے ایم یو نے ہندی زبان کی ترویج میں مثبت رول ادا کیا ہے ۔انھوں نے کہاکہ دنیا میں 105سے زائد غیرملکی یونیورسٹیوں میں ہندی زبان و ادب کو پڑھایا جارہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ چونکہ ہندوستان ایک طاقتور معیشت بن رہا ہے اور غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے ، اس لئے متعدد ملکوں نے اپنی یونیورسٹیوں میں ہندی کورس پڑھانا شروع کیا ہے۔
پروفیسر وِمل نے کہاکہ امریکی ممالک، یوروپ، مشرق وسطیٰ، آسٹریلیا وغیرہ میں غیرمقیم ہندوستانی اور ہندوستانی نسل کے لوگ ہندی کے فروغ کے لئے کافی کچھ کررہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ ہندی کے لوگوں کو اسے ملک گیر ہندوستانی زبان بنانا چاہئے۔ شعبۂ ہندی کے سربراہ اور سرکاری زبان عملدرآمد کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر عبدالعلیم نے اپنے استقبالیہ خطاب میں زور دیتے ہوئے کہاکہ ہندی اور اردو کا رسم الخط ایک دوسرے سے مختلف ہے مگر بول چال میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے اور دونوں زبانیں ایک دوسرے سے بے حد قریب ہیں۔ پروفیسر شمبھو ناتھ تیواری نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ انھوں نے فروغ انسانی وسائل کے وزیر مسٹر پرکاش جاوڈیکر کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ فیکلٹی آف آرٹس کے کارگزار ڈین پروفیسر مسعود انور علوی اور پروگرام کوآرڈنیٹر پروفیسر ایم شاہ الحمید سمیت دیگر معززین اس موقع پر موجود تھے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *