عالمی درجہ بندی:اے ایم یو بحیثیت مجموعی ہندوستانی یونیورسٹیوں میں دوسرے مقام پر

Share Article
amu
: ’یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ‘ نے دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں کی اپنی رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کو ہندوستان کی یونیورسٹیوں میں بحیثیت مجموعی دوسری سب سے بہترین یونیورسٹی قرار دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی ’یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ‘ نے اے ایم یو کے شعبۂ ریاضی اور بایولوجی و بایوکیمسٹری کو ہندوستان کے سب سے ممتاز شعبہ جات قرار دیا ہے اور انھیں نمبر ایک پر جگہ دی ہے۔ اے ایم یو کا شعبۂ ریاضی ٹاپ 200؍ مقامات میں جگہ حاصل کرنے والا ہندوستان کا واحد شعبۂ ریاضی ہے اور 46.9 کے سبجیکٹ اسکور کے ساتھ اسے دنیا میں 154واں مقام حاصل ہوا ہے، جب کہ بایولوجی و بایوکیمسٹری شعبہ کو عالمی سطح پر 154واں مقام ملا ہے۔ اس کے علاوہ طبیعیات اور کیمسٹری کی تعلیم کے لئے اے ایم یو کے شعبۂ طبیعیات اور کیمسٹری کو عالمی سطح پربالترتیب 465ویں اور 518ویں رینک عطا کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ’یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ‘ کی دنیا کی سب سے عمدہ یونیورسٹیوں کی رینکنگ کو عالمی سطح پر ایک سند کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ یوایس نیوز دنیا کے اعلیٰ تحقیقی و تعلیمی اداروں کے ڈاٹا کو مانیٹر کرتا ہے اور اس کی رینکنگ سے دنیا بھر کے طلبہ کو تعلیم و تحقیق کے لئے ممتاز اداروں کا انتخاب کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس رینکنگ میں تحقیقی مقالات اور کتابوں کی اشاعت، حوالہ کے طور پر استعمال کی جانے والی اشاعتوں کی تعداد، متعلقہ موضوعات میں سب سے زیادہ حوالہ کے طور پر استعمال ہونے والی اشاعتوں کی تعداد اور بین الاقوامی اشتراک وغیرہ کو بنیاد بنایا جاتا ہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *