غالب انسٹی ٹیوٹ کے غالب ایوارڈ کا اعلان

Share Article
ghalib-award-nominate
غالب انسٹی ٹیوٹ کے ایوارڈکمیٹی کی ایک اہم میٹنگ 27نومبرکو ایوانِ غالب میں غالب ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین جسٹس آفتاب عالم کی صدارت میں ہوئی،جسٹس آفتاب عالم کے علاوہ غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی ،پروفیسرشمیم حنفی،پروفیسر چندر شیکھر، ڈاکٹر اطہرفاروقی اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رضاحیدرمیٹنگ میں موجود تھے۔ اس اہم موقع پر تمام ممبران نے غالب انسٹی ٹیوٹ کے پُروقارغالب انعامات 2017کے 6؍اہم انعامات پر فیصلہ کیا۔
اردو کے ممتاز ناقد ودانشور،کئی اہم کتابوں کے مصنف اورشعبۂ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق پروفیسر، پروفیسرقاضی جمال حسین کو اُن کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں فخرالدین علی احمد غالب انعام برائے اردو تحقیق و تنقید سے سرفراز کیا جائے گا۔
فارسی کے نامور اسکالر اوررضالائبریری رامپور کے ڈائرکٹر پروفیسرسیدحسن عباس کو فخرالدین علی احمد غالب انعام برائے فارسی تحقیق و تنقید کے لئے منتخب کیا گیا۔
معروف تخلیق کارو اُردومشاورتی کمیٹی، بہار کے چیئرمین جناب شفیع مشہدی کا نام غالب ایوارڈ برائے اردو نثر کے لئے طے کیا گیا۔
عہدِ حاضرکی نامور شاعرہ اور کلکتہ یونیورسٹی شعبہ اردو کی سابق چیئرپرسن پروفیسر شہناز نبی کا نام غالب انعام برائے اردو شاعری کے لئے تجویز کیا گیا۔
ہم سب غالب انعام برائے اردو ڈرامہ کے لئے مشہور ڈرامہ نگاراوراپنی تحریرکے ذریعے اردو زبان و ادب کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کرنے والے ڈرامہ نویس ڈاکٹر محمد کاظم کے نام پر اتفاق ہوا۔
اورمجموعی ادبی خدمات کے لئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر و شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی کے سابق صدر پروفیسر ارتضیٰ کریم کے نام پرمیٹنگ میں بیٹھے تمام لوگوں نے اتفاق کیا۔یہ تمام ایوارڈ بین الاقوامی غالب تقریبات کے افتتاحی اجلاس میں22دسمبر2017کو سرٹیفیکٹ،مومنٹو اور 75ہزار روپیہ نقدکے ساتھ ایوانِ غالب میں عطا کئے جائیں گے۔ غالب انسٹی ٹیوٹ پچھلے 40برسوں سے200سے زائد انعامات اردو وفارسی، ادب،ثقافت ، سائنس، اور مختلف علوم وفنون میں کام کرنے والے اہم دانشوروں کو اُن کی گرانقدر خدمات کے لئے نواز چکا ہے۔ غالب ایوارڈ کی ایک اہم خاصیت یہ بھی ہے کہ اردو اور فارسی کے اساتذہ، ادبا، شعرا اور نامور ہستیوں کے مشوروں کو مدِّ نظر رکھ کر ایوارڈ کمیٹی انعامات کافیصلہ کرتی ہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *