خاتون ڈاک اہلکار کا قتل، ہجوم نے ملزم قاتل کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا

Share Article

کسن پور تھانہ علاقہ کے پھلوریا گاؤں وارڈ 11 میں اتوارکی دیر شام دیہی ڈاک اہلکار لولی کماری(22) کا گھر میں گھس کر ایک نوجوان نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ بعد میں ملزم قاتل کو مشتعل بھیڑ نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔

پھلوریا گاؤں کے سورج نارائن یادو کی بیٹی لولی کماری اپنے گھر پر ہی چلنے والے پوسٹ آفس میں چار سال سے پوسٹ اہلکار کے طور پر کام کرتی تھی۔ اسی درمیان اتوار کی دیررات قریب کے ہی ٹینگرہا گاؤں کے ومل یادو کا بیٹا اسمتھ کمار یادو وہاں پہنچا اور اس نے گھر میں گھس کر لولی کے سینے پر گولی مار دی۔ گولی چلنے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ دوڑ کر پہنچے اورملزم ا سمتھ کو پکڑ لیا۔ لہولہان لولی کو فوری طور پر ایک ذاتی کلینک بھیجا گیا لیکن کچھ دیر بعد ہی لولی نے کلینک میں دم توڑ دیا۔ اس دوران لولی کے موت کی خبر جیسے ہی رشتہ داروں اور گاؤں والوں کو چلی، ہجوم نے لاٹھی ڈنڈے سے پیٹ پیٹ کر ملزم اسمتھ کو مار ڈالا۔

مشتعل لوگوں نے ملزم اسمتھ کی موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی۔ واقعہ کے بعد پہنچی پولیس نے بھیڑ کے ہتھے چڑھے قتل کے ملزم اسمتھ کی لاش کو قبضے میں لے کر دیر رات ہی پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ اس واقعہ کے بعد گاؤں میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے بڑی تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی کی ہے۔ ڈاک اہلکار لولی کماری کو گولی مارنے کی وجوہات کا ابھی انکشاف نہیں ہوسکا ہے۔ پولیس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *