شہریت ترمیمی بل مسلمانوں میں خوف پیدا کرنے کی سازش

Share Article

 

مرکزی حکومت ہٹلر کی روایت پر گامزن ، سیکولربرادران وطن کے ساتھ مل کربل کا متحد ہوکر بائیکاٹ کیا جائے، اسلامک پیس فاؤنڈیشن کا مطالبہ

نئی دہلی ،موجودہ حکومت مستقل اقتدار پر قابض رہنے کے لئے پوری طرح ہٹلر ک کی روایت پرقائم ہوچکی ہے،مرکز پر مستقل قائم رہنے کے لئے حکومت سارے ملک پر ڈراور خوف کی بھیانک چادر تاننے کی کوشش کر رہی ہے ۔شہری ترمیمی بل اسی سازش کا حصہ ہے ۔عوام کو چائیے کہ گاندھی جی کے اصولوں پر چل کر اس بل کا مقاطعہ کریں۔ان خیالات کا اظہار معروف سماجی کارکن و اسلامک پیس فاؤنڈیشن آف انڈیا کے چیئر مین مولانا سید طارق انور نے اخبارات کو جاری اپنے ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات مستقل بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں ۔سرکار اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے ملک کے عوام کو غیر ضرو ری مسائل میں الجھا رہی ہے ۔اس وقت ترقی کی رفتار ٹھپ ہے ،معاشی ارتقا پر جمود طاری ہے ،بے روزگاری آخری حدوں پر پہنچ چکی ہے اور حکومت کے پاس ان حالات پر قابو پانے کی کوئی پالیسی نہیں ہے اور نہ اس کی نیت ہی صاف نظر آتی ہے ۔

ان حالات سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے حکومت نے شہریت ترمیمی بل کا شوشہ چھوڑکر ملک کو ایک الگ بحث میں الجھا دیا ہے ۔ انہوں نے اس بل کو غیر آئینی اور دستور ہند میں مسلمانوں کو دیئے اختیارات کے منافی بتاتے ہوئے کہا کہ اس بل کا نشانہ صرف مسلمان ہیں ،حکومت اسے سرکار بنام مسلم بنانے کی کوشش کریگی لیکن مسلمانوں کو چائیے کہ وہ اس سازش کو پوری طرح ناکام کریں ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو مہاتما گاندھی کے اصولوں پر چل کر آنے والے حالات سے مقابلہ کرناہوگا۔عدم تشدد اور پر امن مظاہروںکے ذریعے مسلمانوں کو اس بل کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانا چاہیے ۔

مولانا طارق انور نے کہا کہ ملک میں جتنی بھی ملی تنظیمیں ہیں انہیں متحد ہوکر ایک پرچم کے نیچے یکجا ہوجاناچاہیے اگر اس وقت بھی ہم لوگ باہمی اختلافات کو دور نہ کرسکے تو پھر کبھی بھی ہم متحد نہیں ہوسکیں گے ۔مولانا نے کہا کہ ہمارے ملک کے عوام کی اکثریت سیکولر اور صاف ذہن ہے ،گنگا جمنی تہذیب ہماری گھٹی میں ملی ہوئی ہے ،کثرت میں وحدت ہی اس ملک کی انفرادیت ہے جو اسے ساری دنیا میں ممتاز کرتی ہے ۔انہوں نے ملی جماعت کے سربراہوں سے اپیل کی کہ تمام ملی قائدین ایک جگہ سرجوڑکر بیٹھ جائیں اور سیکولر ذہن کے برادران وطن کو ساتھ لیکر اس بل کا بائیکاٹ کرنے کے لئے ملک گیر تحریک چلائیں۔مولانا نے کہا کہ عوام کو نفرت پھیلانے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ،کچھ لوگ اپنے جیسے ہیںلیکن وہ نفرت کی سازش کرنے والوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں،دراصل یہی وہ عناصر ہیں جو ملک کی بہبود کے بہت بڑے دشمن ہیں۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *