بی جے پی نے مہاراشٹر کیلئے جاری فہرست میں 4 موجودہ ممبران پارلیمنٹ کا ٹکٹ کاٹا

Share Article
bjp-mp

ممبئی: بی جے پی نے مہاراشٹر میں چھ امیدواروں کی اپنی تیسری فہرست میں چار موجودہ ممبران پارلیمنٹ کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے گڑھ بارامتی سے موجودہ ایم پی سپریا سلے کے خلاف ایک خاتون امیدوار کو کھڑا کیا ہے۔

تازہ فہرست میں مختلف ریاستوں کے 36 امیدواروں کے نام ہیں۔ مہاراشٹر سے چھ امیدواروں کے ساتھ بی جے پی نے اب تک 22 امیدواروں کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ بھگوا پارٹی شیوسینا کے ساتھ اتحاد میں کل 48 سیٹوں میں سے 25 سیٹوں پر انتخاب لڑ رہی ہے۔ باقی سیٹوں پر شیوسینا انتخاب لڑے گی۔

بی جے پی نے سال 2014 میں مہاراشٹر میں 24 لوک سبھا سیٹوں پر انتخاب لڑا تھا اور 22 پر جیت درج کی تھی ۔جن لوگوں کو ٹکٹ دینے سے انکار کیا گیا ہے، ان میں اہم نام ہے ڈنڈوری کے ایم پی ہریش چندر چوہان کا۔ وہ 2009 سے قبائلی اکثریتی اس سیٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

اس بار پارٹی نے این سی پی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئی بھارتی پوار پربھروسہ کیا ہے جو 2014 کے انتخابات میں بہت زیادہ فرق سے چوہان سے ہار گئی تھی ۔بی جے پی نے پونے ضلع میں بارامتی سیٹ سے شرد پوار کی بیٹی سولے کے خلاف دونڈ کے ممبر اسمبلی راہل کل کی بیوی کنچن کل کو میدان میں اتارا ہے۔

راہل کل راشٹریہ سماج پارٹی کے ممبر اسمبلی ہیں جو مہاراشٹر میں بی جے پی کی مخلوط اتحادی ہے ۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے پہلے کہا تھا کہ پارٹی بارامتی سیٹ جیتنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ پونے الیکشن سیٹ پر بھی تبدیلی کی گئی ہے جہاں موجودہ ایم پی انل شرولے کی جگہ کابینہ وزیر گریش باپت کو امیدوار بنایا گیا ہے۔

سولا پور میں بی جے پی نے موجودہ ایم پی شرد بنسوڈ کی جگہ جے سددھیشور سوامی کو ٹکٹ دیا ہے۔سوامی کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر داخلہ سشیل کمار شندے کے خلاف الیکشن لڑیں گے ۔سال 2014 کے انتخابات میں بنسوڈ نے شندے کو ان کے گڑھ میں شکست دے کر بڑی جیت درج کی تھی۔

شمال مہاراشٹر کے جلگاؤں سے ایک دوسرے رکن پارلیمنٹ اے ٹی نانا پاٹل کا بھی ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔ پارٹی نے اسمیتاادے واگھ کو ٹکٹ دیا ہے ۔اس سے پہلے 16 امیدواروں کی فہرست میں بی جے پی نے مرکزی وزیر نتن گڈکری (ناگپور) اور ڈاکٹر سبھاش بھامرے (دھلے) سمیت 14 ممبران پارلیمنٹ کو پھر سے امیدوار بنایا تھا۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *