اے ایم یوکی ٹیم نے سنگاپور آٹونامس اَنڈر واٹر وہیکل چیلنج کے فائنل مقابلہ میں شرکت کی

Share Article
AMU-AUV-Club-members-in-Sin
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کی آٹونامس اَنڈر واٹر وہیکل (اے یو وی) کلب کی ٹیم نے سنگاپور پالی ٹیکنک، سنگاپور میں منعقد ہ سنگاپور آٹونامس اَنڈر واٹر وہیکل چیلنج (ایس اے یو وی سی) کے فائنلس میں شرکت کی ۔ اے ایم یو کی ٹیم مختلف ایشیائی اور یوروپی ممالک کی 48؍یونیورسٹیوں کی ٹیموں سے مقابلہ کرتے ہوئے فائنلس میں پہنچی تھی اور اس بین الاقوامی مقابلہ میں وہ پہلی بار حصہ لے رہی تھی۔ فائنلس میں پہنچنے کے لئے اے ایم یو ٹیم کی گاڑی نے لیک پروفنگ، آئل پروفنگ اور پانی کے اندر بیلنسنگ اور پھر ریس کے مرحلہ پر دیگر ٹیموں سے مقابلہ آرائی کی۔
اے ایم یو کی ٹیم میں انجینئرنگ کے طلبہ صادق سلیم اللہ خاں، انوج کمار وارشنے، نِوید سریش، روہت سینگر، رجت شرما، خان سعد بن حسن، ادَمّیا وارشنے، سید جواد اختر، اتل چودھری اور ایم مرزوق الرحمٰن شامل تھے اور ٹیم کے فیکلٹی ایڈوائزر تھے شعبۂ مکینیکل انجینئرنگ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سلیم انور خاں۔ فائنل راؤنڈ میں اے ایم یو ٹیم کی گاڑی کو مقابلہ کی سب سے زیادہ پسندیدہ گاڑی قرار دیا گیا۔ اس گاڑی کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر دو دن کے اندر 26؍ہزار سے زائد لائکس ملیں۔

 

دریں اثناء ڈاکٹر سلیم انور خاں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر بغیر انسانی ساتھ کے انڈر واٹر روبوٹکس مقابلہ میں شرکت کرکے طلبہ کو ایک بڑا تجربہ حاصل ہوا ہے۔ ٹیم اراکین نے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور اور یونیورسٹی انتظامیہ کا ان کے تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے اے ایم یو کے سابق طالب علم اور اوپن سیلیکون کے سی ای او مسٹر طاہر مدراس والا کا بھی بطور خاص شکریہ ادا کیا۔ قابل ذکر ہے کہ سنگاپور آٹونامس اَنڈر واٹر وہیکل چیلنج مقابلہ میں طلبہ کی ٹیمیں آٹونامس اَنڈر واٹر وہیکل بناتی ہیں اور پانی کے اندر اس گاڑی کو بغیر کسی انسانی ساتھ کے رفتار اور صحت کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔ اسی بنیاد پرمقابلہ میں شریک ٹیموں میں سے فاتح کا فیصلہ ہوتا ہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *