اے ایم یو:ملک بھر کے ریسرچ اسکالروں کیلئے منعقدہ دس روزہ ورکشاپ اختتام پذیر

Share Article
workshop
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے شعبۂ نفسیات کے زیرِ اہتمام ملک بھر کے ریسرچ اسکالروں کے لئے ریسرچ میتھڈس اینڈ ڈیٹا اینا لیسس ود ایس پی ایس ایس پر منعقدہ دس روزہ ورکشاپ کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی اسکول ایجوکیشن ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر پروفیسر اسفر علی خاں، اوایس ڈی وی سی پروفیسر عبدالسلام، سوشل سائنس فیکلٹی کے قائم مقام ڈین پروفیسر اکبرحسین اور شعبۂ نفسیات کے سربراہ پروفیسر حافظ ایم الیاس خاں نے شرکاء کو سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اسفر علی خاں نے کہا کہ تحقیقی عمل میں ڈیٹا اینالیسس کا کافی اہم رول ہوتا ہے۔ اور یہ ورکشاپ یقینی طور پر ریسرچ اسکالروں کے تحقیقی معیار کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ دورِ حاضر میں کسی بھی بات کو سننے کا چلن کم ہو رہا ہے جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنی بات کو زیادہ کہنے کی جگہ سننے کی عادت کو اپنے اندر فروغ دیا جائے جو کہ اس کے تحقیقی عمل کے جائزے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ پروفیسر اسفر علی خاں نے معاشرہ کے لئے سود مند تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔
او ایس ڈی وی سی پروفیسر عبدالسلام نے کہا کہ تدریس و تحقیق کسی بھی ادارے کے معیاری ہونے کی دلیل ہوتے ہیں اور اعلیٰ معیاری تحقیقی عمل کے لئے ریسرچ میتھاڈولوجی کا جاننا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کیمپس میں تسلسل کے ساتھ تدریسی و تحقیقی عمل کو فروغ دے رہے ہیں۔ پروفیسر عبدالسلام نے شرکاء سے کہا کہ انہوں نے ورکشاپ میں تربیت کے دوران جو علم حاصل کیا ہے اس کو وہ اپنے تحقیقی عمل میں استعمال کریں۔

 

شعبۂ نفسیات کے سربراہ پروفیسر حافظ ایم الیاس نے کہا کہ اس دس روزہ ورکشاپ میں ایک درجن سے زائد ریاستوں کے تقریباً63مندوبین نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبۂ نفسیات میں اعلیٰ معیاری تحقیقی کام ہو رہا ہے اور یہاں کے طلبہ عالمی سطح پر ادارہ کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ مارچ میں ایک عالمی کانفرنس اور اپریل میں شعبہ کے سابق طلبہ کا ایک جلسہ بھی منعقد کرنے جا رہا ہے۔ ورکشاپ کے آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر ایس ایم خان نے تکنیکی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس ورکشاپ کا مقصد شرکا ء کو ڈیٹا اینا لیسس کی اسٹیٹسٹیکلتکنیک کے تئیں تربیت دینا تھا۔ سوشل سائنس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر اکبر حسین نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں یونیورسٹی اساتذہ موجود تھے۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر فوزیہ الصبا شیخ نے انجام دئے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *