دارالعلوم دیوبند میں موجود نادر و نایاب مخطوطات عظیم علمی ورثہ 

Share Article
jamia-azhar-delegation
ممتاز عالمی یونیورسٹی جامعہ ازہر مصر کے پروفیسر ڈاکٹر یاسر امام محمد اور بحرین کے اسلامی اسکالر مولانا خالدالانصاری پر مشتمل دو رکنی وفد نے گذشتہ روزدارالعلوم دیوبند پہنچ کر مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے ملاقات کرکے ادارہ میں موجود نادرو نایاب مخطوطات کو دیکھ کر حیرت کااظہار کیا اور اس کو عظیم علمی ورثہ قرار دیا۔ غیر ملکی مہمانوں نے یہاں مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے ملاقات کرکے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے دارالعلوم دیوبند کے بارے میں بہت کچھ سنا اور پڑھا تھا ،آج یہاں آکر روحانی مسرت کااحساس ہورہاہے۔ اس دوران مہمانوں نے بتایا کہ وہ اس سے قبل کئی جگہوں پر گئے ہیں لیکن دارالعلوم دیوبند آکر انہیں روحانی تسکین پہنچی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ ہم لوگ محظوطات کے سلسلہ میں مختلف ممالک اور یونیورسٹیوں کا سفرکررہے ہیں اسی سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند بھی آنا ہوا ہے ،جہاں کی لائبریری میں موجود قدیم علمی ورثہ دیکھ کر نہ صرف ان کا یہ سفر کامیاب ہوگیاہے بلکہ ان کی علمی ضروریات کی تکمیل بھی ہوئی ہے۔ اس دوران مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے مہمانوں کو ادارہ کے طلباء اور تعلیم وغیرہ سمیت متعدد معلومات دیتے ہوئے ان کا والہانہ انداز میں استقبال کیا۔ بعد ازیں میڈیا سے بات کرتے ڈاکٹر یاسر امام محمد نے بتایاکہ ان کا یہ سفر علمی ہے ،جس کا مقصد ایسے اداروں کا دورہ کرنا ہے جہاں قدیم علمی ورثہ بالخصوص محظوطات موجود ہیں، انہوں نے بتایا کہ دارالعلوم دیوبند پہنچ کر انہیں روحانی تسکین پہنچی ہے،یہاں ایسے نادر و نایاب مخطوطات موجود ہیں جو دیگر مقامات پر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند کی لائبریری پہنچ کر ان کا ہندوستان آنے کا مقصد مکمل ہوگیاہے۔
ڈاکٹر موصوف نے کہاکہ یہ عظیم علمی ورثہ پوری ملت اسلامیہ کا اثاثہ ہے۔ اس دوران اسلامی اسکالر مولانا خالدالانصاری نے دارالعلوم دیوبند آمد کو اپنی خوش بختی بتاتے ہوئے کہاکہ بہت عرصہ سے ان کی یہاں آنے کی خواہش تھی جو آج تکمیل کو پہنچی ہے، انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے سلسلہ میں قدیم محظوطات کی ضرورت کے سبب انہیں دارالعلوم دیوبند کا آنا کا موقع ملاہے۔ انہوں نے دارالعلوم دیوبند آمد پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے بتایاکہ دارالعلوم دیوبند کی مہمان نوازی، حسن اخلاق نے ہمارا دل جیت لیا ہے، ہم اس امید کے ساتھ واپس لوٹ رہے کہ جلدی ہی پھر انشاء اللہ دارالعلوم دیوبند آئینگے ۔علاوہ ازیں مہمانوں نے مسجد رشید، جدید لائبریر سمیت دیگر اہم مقامات کی بھی زیارت کی۔ اس دوران مہمان خانہ کے ناظم مولانا مقیم الدین قاسمی، کتب خانہ کے ناظم مولانا شفیق احمد اور مولانا ڈاکٹر مسروروغیرہ موجودرہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *