اے ایم یو:جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج نے نیا سنگِ میل طے کیا

JNMC-Doctors
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی )کے پی سی ای۔سی ایس یونٹ نے بچوں کے امراض قلب کے علاج میں بیلون اَوروٹِک والوو پلاسٹی (بی اے وی) کا آغاز کرکے ایک نیا سنگ میل طے کیا ہے۔ بی اے وی ایک پیچیدہ طبی طریقہ ہے، جو پیدائش سے ہی دل کے ناقص والو کو درست کرنے کے لئے کیتھ لیب میں انجام دیا جاتا ہے۔ بچوں کے امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر مرزا محمد کامران نے بتایا کہ دل کے خراب والو کو کیتھ لیب میں مخصوص بیلون کی مدد سے جدید تکنیک کا استعمال کرکے کھولا جاتا ہے۔ اس کا سب سے اہم مرحلہ یہ ہے کہ چند سکنڈوں کے لئے دل کو پیس میکر کے ماتحت رکھا جاتا ہے اور پھر بیلون کو والو کے اندر پھُلاکر والو کو کھولا جاتا ہے۔
جے این ایم سی کے ڈاکٹر شاد عبقری (نوڈل آفیسر، قومی اطفال صحت پروگرام) اور ڈاکٹر مرزا محمد کامران نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر اس طریقۂ علاج کوکامیابی کے ساتھ ابھی تک تین بچوں پر استعمال کیا ہے۔ ٹیم میں ڈاکٹر شمیم گوہر(کارڈیئک انستھیسیا)، ڈاکٹر شہزاد (آئی سی یو ایکسپرٹ) اور کیتھ لیب کے اسٹاف عارفہ ، ناہید، دیویندر اور عارف شامل تھے۔ ڈاکٹر شاد عبقری نے بتایا کہ تینوں پروسیجر قومی اطفال صحت پروگرام کے تحت کئے گئے۔ پروجیکٹ کے کنوینر پروفیسر تبسم شہاب نے اس کامیابی کے لئے ڈاکٹروں کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہاکہ جے این ایم سی میں مذکورہ علاج کی سہولت دستیاب ہونے سے اب لوگوں کو بڑے شہروں میں نہیں جانا پڑے گا۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *