علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج میں ’’اسپورٹس ویک‘‘کا انعقاد

Sports-week-inagurated-at-W
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بانی سرسید احمد خاں کے یومِ پیدائش کی تقریبات کے تحت اے ایم یو کے ویمنس کالج کیمپس میں ’’ اسپورٹس ویک کا انعقاد کیا گیا جس میں یوگا،تائیکوانڈو، کھو کھو وغیرہ کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے گئے اور کالج اساتذہ و طالبات کی ٹیموں کے درمیان تھرو بال نمائشی میچ بھی کھیلا گیا۔ تقریب کا آغاز طوبیٰ حفیظ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد ڈاکٹر رضیہ رضوی نے مہمانان اور ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف پیش کیا۔کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے تقریب کی مہمانِ خصوصی ممتاز ماہرِ امراضِ اطفال ڈاکٹر حمیدہ طارق کو گلدستہ پیش کرکے ان کا خیر مقدم کیا جس کے بعدیو ایس سے تشریف لائیں معروف الومنئی محترمہ غزالہ خورشید، پروفیسر نعیمہ خاتون، عبداللہ ہال کی پرووسٹ پروفیسر زیبا شیریں کو بیچ لگائے گئے۔
اپنے استقبالیہ خطبہ میں پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کالج میں کھیلوں سے متعلق بنیادی سہولیات فراہم کرانے میں خصوصی دلچسپی لی ہے اور حال ہی میں’’ پریکٹس وال ‘‘بھی تعمیر کرائی گئی ہے جس کے سبب کالج کی طالبات نے کھیل کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر حمیدہ طارق نے طالبات کے ذریعہ پیش کئے گئے یوگا اور تائیکوانڈو کے مختلف ایوینٹس کو سراہتے ہوئے طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ صحت اور طب کے نقطۂ نظر سے انسانی زندگی میں کھیلوں کی بڑی اہمیت ہے اس لئے طالبات کو خود کو فٹ رکھنے اور آنے والے چیلنجیز کا سامنا کرنے کے لئے کھیلوں میں شرکت کرنی چاہئے۔
سینئر سیکنڈری اسکول اے ایم یو،سٹی گرلس ہائی اسکول، ایس این ہال، عبداللہ ہال اور ویمنس کالج کی ٹیموں نے کھیلوں میں حصہ لے کر یوگا اور تائیکوانڈو مقابلوں کے دوران ماس ڈیمانسٹریشن کے تحت تائیکوانڈو انسٹرکٹر تسکین ظہیر اور نازیہ خاں کی زیرِ نگرانی طالبات نے انسانی میناریں، پتھر کی سلائڈ توڑنے وغیرہ کے کرتب پیش کئے۔ کالج اساتذہ اور طالبات کے درمیان ہونے والے تھرو بال نمائشی میچ میں اساتذہ کی ٹیم کی قیادت پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون اور طالبات کی ٹیم کی قیادت مدیحہ نعمان نے کی۔میچ ریفری محمد سردار رہے۔ ماس ڈیمانسٹریشن میں تسنیم، عریبہ، یشسوی، الفیہ زیدی، زیبا عظمت وغیرہ نے حصہ لیا جبکہ پروفیسر زیبا شیریں، غزالہ خورشید، رومانہ صدیقی، پروفیسر قیصر جہاں، ڈاکٹر بشریٰ حسین، ڈاکٹر بدر الزماں، ڈاکٹر طیبہ نسیم، نازیہ خان وغیرہ اس موقع پر موجود رہیں۔نظامت کے فرائض ونشیکا کیشوانی اور ثنا فرید نے انجام دئے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *