ہندوستان اسلامی تصوف کی راجدھانی ہے: پروفیسرا خترالواسع

جودھپور: آج جرمنی کے دارالحکومت برلِن میں واقع صوفی سینٹر ربّانیہ کے ترک نزاد روحانی رہنما اور نقشبندیہ سلسلے کے مرشد حضرت شیخ اشرف آفندی اپنے12؍مریدین کے ساتھ مولاناآزاد یونیورسٹی تشریف لائے، جہاںیونیورسٹی کے صدر پدم شری پروفیسراخترالواسع کے ساتھ مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کے صدر حاجی عباد اللہ قریشی، جنرل سکریٹری نثار احمد خلجی، خازن اور سی ای او محمد عتیق اور معزز ممبران سوسائٹی ذکی احمد، حنیف لوہانی، فیروز قاضی، خالد قریشی نیز یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر عمران خان پٹھان نے ان کا استقبال کیا ۔ معزز مہمانوں نے مولاناآزادیونیورسٹی جودھپور کے قیام کی ستائش کی اور اس کے طرز تعمیر اور طریقِ تعلیم کو خصوصی طور پر سراہا۔
بعد ازاں وفد نے جودھپور شہر میں واقع مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کے ذریعے چلائے جا رہے اداروں کا جائزہ لیا۔ایک خصوصی تقریب میں شیخ اشرف آفندی نے طلبہ، طالبات، اساتذہ اور مہمانوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا مذہب کوئی بھی ہو لیکن آپ کو اپنے رب کونہیں بھولنا چاہیے اور ہرکام کی شروعات اس کے نام سے کرنی چاہیے، اسی میں خیر بھی ہے اور برکت بھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں خدا اور اس کے بندوں سے عبادت اور خدمت کا تعلق بنائے رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں خدا سے دعا کرتاہوں کہ وہ آپ کے دل و دماغ اور شخصیتوں کو اپنی معرفت کے نور سے منور کر دے۔
اس موقع پر مشہور اسلامی اسکالر پدم شری پروفیسراخترالواسع نے کہا کہ ہندوستان میں تمام اہم صوفی سلسلے موجودہیں اور ہندوستان ایک طرح سے اسلامی تصوف کی راجدھانی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تصوف، شریعت اور طریقت کا امتزاج ہے اور غرور و گھمنڈ کا سخت مخالف ہے کیوں کہ یہ انسان کو انسان نہیں رہنے دیتے بلکہ انہیں حیوانوں سے بدتر بنا دیتے ہیں۔ نقشبندیہ سلسلے کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت باقی بااللہ صاحب، امام ربانی مجدد الف ثانی، مرزا مظہر جان جاناں، شاہ ولی اللہ اور شاہ غلام علی ہندوستان میں اس کے روشن ستارے ہیں۔
تقریب کے آخر میں مہمانان گرامی کا شکریہ ادا رکرتے ہوئے جناب محمدعتیق نے کہا کہ ہم آپ اور آپ کے ساتھیوں کی آمد پر آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آپ نے جو روحانی پیغام دیا ہے ہم اور ہمارے بچے اس پر عمل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ جودھپور میں آنے سے پہلے وفد نے اجمیر شریف، ناگور شریف بھی حاضری دی اور آج دوپہر میں وفد نے مارواڑ مسلم ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر سوسائٹی کے ذمہ داروں کے ساتھ مفتئ اعظم راجستھان اشفاق حسین نعیمی علیہ الرحمہ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *