اے ایم یو ویمنس کالج میں ’’اسپورٹس ویک‘‘کی اختتامی تقریب میں انعامات تقسیم 

winner-team
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کے یومِ پیدائش کی تقریبات کے تحت اے ایم یو کے ویمنس کالج کیمپس میں ’’ اسپورٹس ویک‘‘ کے اختتام پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ’کھو کھو‘ کے فاینل مقابلہ کی فاتح ایس این ہال اور ہارنے والی ویمنس کالج کی ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا۔اس موقع پرفزیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیرپرسن پروفیسر برج بھوشن سنگھ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ڈاکٹر رضیہ رضوی نے مہمانان اور ٹیموں کے کھلاڑیوں کا تعارف پیش کیا۔ استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ کھیل محض میڈل حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں ہیں بلکہ کھیلوں میں شرکت سے فٹنس لیول کو اونچا اٹھایا جا سکتا ہے۔ اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کالج میں کھیلوں سے متعلق بنیادی سہولیات فراہم کرائی ہیں جس کے سبب کالج کی طالبات میں کھیل اور فٹنس کے تئیں دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر برج بھوشن سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسان اگر جسمانی ورزش نہیں کرتا تو وہ قیمتی دوائیوں اور اچھی غذا سے بھی صحت حاصل نہیں کر سکتا۔انھوں نے کہا کہ رائیٹ ٹو ایجوکیشن کی طرح رائیٹ ٹو فزیکل ایجوکیشن پر بھی عمل کیا جانا چاہیے تاکہ ہر بچہ کو کھیل کے میدان تک لایا جا سکے۔تازہ تحقیق نے یہ واضح کر دیا ہے کہ روزآنہ ایکسر سائز کرنے والے لوگ بیماریوں سے دور رہتے ہیں۔
سینئر سیکنڈری اسکول اے ایم یو،سٹی گرلس ہائی اسکول، ایس این ہال، عبداللہ ہال اور ویمنس کالج کی ٹیموں نے کھیلوں میں حصہ لیا تھا جس میں ایس این ہال کی ٹیم نے ویمنس کالج کی ٹیم کو شکست دے کر جیت کا پرچم لہرایا۔ایس این ہال کی میناکشی رانی کو سب سے اچھی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔اودے ویر سنگھ،ہرندر سنگھ اور ریتو گوڑ نے ریفری کے فرائض انجام دیے۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتوں اور مہمان خصوصی پروفیسر برج بھوشن سنگھ نے انعامات سے نوازا۔ اسسٹنٹ ڈایریکٹر نازیہ خاں نے آخر میں سبھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر طالبہ کو کم سے کم آدھا گھنٹہ ورزش کے لیے ضرور نکالنا چاہیے۔اس موقع پر کالج اساتذہ ڈاکٹر بدر الزماں، ڈاکٹر فیاض احمد،ڈاکٹر عطا الرحمن،ڈاکٹر علی عمران عثمانی،ڈاکٹر فرقان سنبھلی،کامران خان،افشاں خان اسپورٹ پروکٹر مدیحہ نعمان وغیرہ موجود رہیں۔نظامت کے فرائض ونشیکا کیشوانی نے بحسن و خوبی انجام دئے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *