’ٹھگس آف ہندوستان‘:امیتابھ بچن اورعامر خان کے پہلی بار ایک ساتھ جلوے

thugs-of-hindustan
بالی ووڈ اداکارعامر خان کی نئی فلم ’ ٹھگس آف ہندوستان‘ اس سال دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے والی ہے۔ لمبے عرصے کے بعد یش راج بینر تلے بنی ملٹی اسٹارر فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘کا ٹریلر آخر کار گذشتہ دنوں ریلیز کردیاگیا۔ٹھگس آف ہندوستان کا ڈائریکشن عامر کی فلم’ دھوم 3‘ کے ڈائریکٹر وجے کرشنا آچاریہ نے کیا ہے۔ وجے کرشنا اچاریہ کی ہدایت پربنی اس فلم میں پہلی بار دوسب سے بڑے اسٹار عامر خان اورامیتابھ بچن کو ایک ساتھ دیکھنے کا موقع ملے گا۔یہ پہلا موقع ہے جب عامر اور امیتابھ کی جوڑی پردے پر نظر آئے گی اور یہ جوڑی پردے پر کمال کرنے والی ہے۔
اس فلم میں ان دونوں اسٹارکے علاوہ ادا کارہ کٹرینہ کیف اوردنگل گرل فاطمہ ثناشیخ اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔یہ فلم 8نومبر 2018 کو ریلیزہوگی۔ خاص بات یہ ہے کہ اس فلم کوتمل اورتیلگو میں ڈب کیا جارہا ہے اوریہ ان زبانوں میں ریلیزہونے والی بالی ووڈ کی سب سے بڑی فلم ہونے کا ریکارڈ توڑنے کیلئے تیار ہے۔
ٹریلر کے مطابق، امیتابھ بچن، خدابخش کے کردار میں انگریزوں سے آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں، جن کا ساتھ فاطمہ ثناء شیخ دے رہی ہیں، جو اس فلم میں زفیرہ کا کردار اداکررہی ہیں۔وہیں عامر خان جہاں’ فرنگی‘ ملاح کے کردار میں چلبلے اور شرارتی دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ وہ انگریزوں کا مہرا بنے بھی نظر آرہے ہیں۔ کٹرینہ کیف’ ثریا‘ کے کردار میں عامر خان کے ساتھ رومانس اور ایکشن کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ بات ڈائیلاگ کی ہویا پھر لک کی، ٹریلرمیں امیتابھ بچن ہرلحاظ سے عامر خان پربھاری پڑتے دکھ رہے ہیں۔
فلم ’’ٹھگس آف ہندوستان‘‘ کی کہانی میڈوز ٹیلر کے 1839ء میں شائع ہونے والے ناول ’’کنفیشن آف ٹھگس‘‘ پر مبنی ہے۔بتایاجارہاہے کہ یہ فلم کاس گنج کے ٹھگوں کی کہانی پربنائی گئی ہے۔ برطانوی حکومت میں کس طرح سے علاقے کے سرگرم ٹھگس برطانوی افسروں کوٹھگی کا شکاربناتے تھے، اسی پر 1839میں برطانوی رائٹر فلپ میڈوز ٹیلر نے ’دی کنفیشن آف ٹھگ ‘ نامی ناول لکھاتھا۔اسی ناول کے تیسرے ورزن میں کاس گنج کے ٹھگوں کے بارے میں لکھا گیا ہے۔
فلم کی کہانی سال 1795 کی ہے جب ایسٹ انڈیا کمپنی ہندوستان میں تجارت کرنے آئی تھی، لیکن دھیرے دھیرے وہ راج کرنے لگی۔اسی ڈائیلاگ کے ساتھ شروع ہوتاہے فلم کا ٹریلر۔لیکن جیسے جیسے آگے بڑھیں گے تودیکھیں گے کہ امیتابھ سے لیکر فاطمہ اورعامرسبھی خطرناک اسٹنٹ کرتے نظرآرہے ہیں۔عامر خان چہرے پر مسکراہٹ سجائے ہاتھ میں تلوار لیے کھڑے ہیں۔عامر خان کے ساتھ ہی اْن کے پیچھے امیتابھ بچن اپنے حریف پر حملہ آور ہونے کے لیے تیار نظر آرہے ہیں۔وہیں کٹرینہ کیف روایتی لباس زیب تن کیے ہوئے ہیں، ساتھ ہی فاطمہ ثنا شیخ ہاتھ میں کمان لیے دشمن پر تیر سے نشانہ لگا رہی ہیں۔ یہ فلم 8 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
ٹریلر لانچ کے دوران فلم کے حوالے سے خیالات شیئر کیے گئے ہیں۔ اداکار امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ ایکشن فلم کرنے کی اب عمر نہیں لیکن انہوں نے ہدایت کار وجے کرشنا اچاریہ کے کہنے پرایکشن سین کئے۔امیتابھ بچن نے کہاکہ عکس بندی کرنا آسان نہیں تھا، ایکشن سین کرنے کی وجہ سے ڈاکٹروں کے پاس بھی جاناپڑا۔ انہوں نے بتایاکہ تمام ایکشن سین کی عکس بندی بارش میں کی گئی جس کی وجہ سے کپڑے بھاری ہوجاتے تھے، پھر تلوار کا بھی وزن تھا جس سے بہت مشکل ہوتی تھی۔
عامر خان نے بتایاکہ کہ میں فلم انڈسٹری میں تین دہائیوں سے کام کر رہا ہوں لیکن کبھی سپراسٹارامیتابھ بچن کے ساتھ کام نہیں کیالیکن اب میرا خواب پورا ہوگیا۔اتناہی نہیں،عامر خان نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ پرلکھاکہ’ پوسٹر میں خود کو امیتابھ بچن کے ساتھ دیکھنے کا میرا خواب پورا ہوگیا اور مجھے اب بھی یقین نہیں آرہاہے۔‘فرنگی کے کردارمیں عامرخان گدھے پر سوار، گھنگھرو بھورے رنگ کے بال میں نظر آرہے ہیں۔ عامر نے یہ جھلک سوشل میڈیا پر پوسٹر کے ذریعہ جاری کی اور اپنے مداحوں کے لیے ہندی میں پیغام تحریر کیا۔ اپنے کردار کو متعارف کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں اس سے زیادہ ایماندار شخص کہیں نہیں ملے گا اور یہی ایمانداری اس کے کردار کا دوسرا نام ہے۔
دنگل گرل اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ نے بتایا کہ میں نے کبھی تیر بازی نہیں کی تھی، لیکن فلم کیلئے پہلی مرتبہ سیکھی جبکہ ایکشن فلم ہونے کے باعث بہت زیادہ جسمانی تربیت بھی لینی پڑی۔ وہیں اداکارہ کٹرینہ کیف نے بتایا کہ میرا کردار بہت خوبصورت ہے اور مجھے اسے کرنے میں بہت مزہ آیا۔
بہر کیف فلم میں پہلی بار عامر خان اور امیتابھ بچن ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔بتایاجارہاہے کہ ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کو دنیا کے کچھ خوبصورت جگہوں پر فلمایا گیا ہے۔ اس بڑی فلم میں کچھ ایکشن مناظر اور سمندر میں تاریخی جنگ فلمائی گئی ہے۔ بتایاجارہاہے کہ اس میں سے ایک جگہ وہ بھی ہے جہاں امریکی ٹی وی سیریز ’ گیم آف تھرونس‘ کو فلمایا گیا تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ جس طرح اس فلم کو فلمایا گیا ہے، یہ بالی ووڈ میں پہلی مرتبہ ہے۔ ویسے اس فلم کی زیادہ تر شوٹنگ مالٹا میں ہوئی ہے۔مالٹا میں ہی ’گیم آف تھرونس’شوٹ ہوئی تھی۔ بہرحال پہلی بار ایک ساتھ دوبڑے اسٹاروں یہ فلم 8 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *