شمسی توانائی کے موضوع پر پانچ روزہ انٹرپرینئرشپ ڈیولپمنٹ پروگرام کا آغاز

Participants-of-MNRE-USAID-
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے ڈاکٹر ذاکر حسین انجینئرنگ کالج کے الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ نے یونیورسٹی کے بجلی شعبہ کے اشتراک سے آج گِرڈ کنیکٹیڈ سولر پی وی روف ٹاپ کے موضوع پر پانچ روزہ انٹرپرینئرشپ ڈیولپمنٹ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا۔ پروگرام میں الیکٹریکل، مکینیکل، انڈسٹریل، الیکٹرانکس، انسٹرمنٹیشن اور انجینئرنگ کے دیگربرانچوں کے ڈگری ہولڈرس، سائنس و مینجمنٹ کے گریجویٹس شریک ہورہے ہیں۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی اے ایم یو کے پرووائس چانسلر پروفیسر محمد حنیف بیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ماحولیاتی عدم توازن اور آب و ہوا کی تبدیلی کے باعث شمسی توانائی کو اپنانا پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوگیا ہے۔ پروفیسر بیگ نے قومی ترقی میں بجلی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنڈت جواہر لعل نہرو نے بجلی کی اہمیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ملک کی ترقی کے لئے بجلی کے جدید پلانٹ قائم کئے تھے اور انھیں جدید زمانہ کا مندر کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو نے شمسی توانائی کے پلانٹوں کے قیام میں ہندوستانی یونیورسٹیوں میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اے ایم یو کے پاس سالانہ4.5 ایم ڈبلیو صلاحیت والا شمسی پلانٹ ہے اور ایک سال میں1.5 ایم ڈبلیو پلانٹ پورا ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں اے ایم یو کا ہدف شمسی تنصیبات کے ذریعہ پورے دن بجلی سپلائی کرنا ہے۔
پروفیسر بیگ نے گرین یونیورسٹی پروجیکٹ کے کنوینر اور بجلی شعبہ کے ممبر انچارج ڈاکٹر محمد ریحان کی کاوشوں کو سراہا۔ پروفیسر بیگ نے پروگرام کی کامیابی کے لئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کو نیک خواہشات پیش کیں۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سولر پاور کے مسٹر راہل پچوری نے شمسی توانائی کی ترقی میں اے ایم یو کے انجینئروں اور دیگر اہلکاروں کے لئے تربیتی پروگرام منعقد کرنے کے عمل کو سراہا۔انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی فیکلٹی کے ڈین پروفیسر بی ایچ خاں اور انجینئرنگ کالج کے پرنسپل پروفیسر ایم ایم سفیان بیگ نے بھی پروگرام کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یونیورسٹی کے شعبۂ بجلی کے ممبر انچارج اور شمسی توانائی ٹریننگ کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر محمد ریحان نے مہمانوں اور تربیتی پروگرام کے شرکاء کاپرجوش خیرمقدم کیا جبکہ الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ کے سربراہ پروفیسر امتیاز اشرف نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔خیال رہے کہ وزارت برائے جدید و قابل تجدید توانائی، حکومت ہند نے گرڈ کنیکٹیڈ سولر پی وی روف ٹاپ پر پانچ روزہ پروگرام منعقد کرنے کے لئے اے ایم یو کو21لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ ایساہی ایک دوسرا تربیتی پروگرام ماہ اکتوبر میں منعقد کیا جائے گا۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *