قومی یکجہتی اور انسانی ہمدردی کسی عبادت سے کم نہیں ہے: مولانا سلفی 

m-salafi
ساری مخلوق اللہ تعالیٰ کا کنبہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر عاقل انسان کو مکلف کیا ہے کہ ساری مخلوق کے ساتھ محبت، ہمدردی، غم خواری، احسان وخیر خواہی کا معاملہ کرے۔ قومی یک جہتی، انسانی بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا قیام کسی عبادت سے کم نہیں ہے۔ الحمد للہ رب العالمین اور اللہ تعالیٰ کے اسماء و صفات میں اسی حقیقت کو بیان کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے کیا۔ موصوف مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی کیرلا صوبائی اکائی کے زیر اہتمام 19؍ستمبر کو کالی کٹ میں قومی یک جہتی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی اہمیت و ضرورت کے عنوان پر منعقد قومی سمپوزیم میں افتتاحی خطاب کررہے تھے۔
انہو ں نے کہاکہ پوری دنیا خاص طور سے کیرلا جیسی جگہوں میں مصیبت کے مارے ہوئے لوگ مالی امداد کے محتاج ہیں ان کو مادی امداد کے ساتھ ساتھ روحانی امداد کی بھی ضرورت ہے۔ انسانیت کا تقاضہ ہے کہ ہر طرح کے امتیازات سے بالا تر ہوکر اللہ کی مخلوق کے ساتھ ہمدردی اور بہی خواہی کی جائے۔ کہ درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو، ورنہ طاعت کے لیے کچھ کم نہ تھے کرو بیاں۔ خوشی کی بات ہے کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کی اپیل پر اور اس کی نگرانی میں ساری صوبائی جمعیتیں کیرلا کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جٹ گئیں اور بلا تفریق رنگ و نسل ذات پات اور مذہب خلق خدا کی راحت رسانی میں لگ گئیں اور ریلیف کی تقسیم کا کام غیر مسلموں میں کیا کیوں کہ وہ سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
مولانا محمد ہارون سنابلی نے کہا کہ اسلام نے قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی سب سے زیادہ وکالت کی ہے۔ اس کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔ یہ وقت کا سب سے بڑا تقاضہ ہے۔ اس سمپوزیم کو صوبائی جمعیت اہل حدیث تلنگانہ کے ناظم حافظ محمد عبدالقیوم، صوبائی جمعیت اہل حدیث آندھرا پردیش کے امیر ڈاکٹر سعید احمد عمری، صوبائی جمعیت اہل حدیث کرناٹک و گوا کے ناظم محمد اسلم خان وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔
سمپوزیم کی صدارت ٹی پی عبداللہ کویا مدنی نے کی اور نظامت کے فرائض ڈاکٹر حسین مدوور نے انجام دیے۔ اس اہم سمپوزیم میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں صوبائی جمعیت اہلحدیث تلنگانہ کے نائب امیر محمدشریف یمانی، نائب ناظم محمد صدیق اور خازن عبدالوحید ، صوبائی جمعیت اہل حدیث آندھرا پردیش کے نائب امیر مولانا اسلام الدین سلفی اورخازن عبدالعزیز نوشاد، صوبائی جمعیت اہل حدیث کرناٹک و گوا کے خازن کے جے منصور احمد قریشی عرف دادو بھائی ، شہری جمعیت اہل حدیث حیدر آباد و سکندرآباد کے امیر مولانا شفیق عالم خان جامعی، ناظم مولانا سید آصف عمری اور نائب ناظم لیاقت علی ، مولانا عبدالرحمن مدنی پالک، نور محمدنور شاہ، اصغرعلی، ایم محمد مدنی، پی پی عبدالرزاق الباقوی، محمد حنیف سلمی، عبدالمجیدالصلاحی، زکریا الصلاحی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *