کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے نواز شریف ،مریم نواز اور محمد صفدر پیرول پر رہا

nawaz
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ابتدائی طور پر 12 گھنٹوں کے لیے پیرول پر رہا کر دیا گیا ہے۔کلثوم نواز کے سوگوران میں ان کے شوہر نواز شریف، بیٹیاں مریم صفدر اور اسما اور دو بیٹے حسن اور حسین نواز شامل ہیں۔پیرول پر رہائی کے بعد تینوں مجرمان اڈیالہ جیل سے شہباز شریف کے ہمراہ نور خان ائیر بیس پہنچے جہاں سے وہ خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور کے لیے روانہ ہو گئے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ان تینوں افراد کو 12گھنٹے کے پیرول پر جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی سے نواز شریف، مریم نواز اور صفدرکو سخت حفاظتی انتظامات میں اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچایا گیا ، جہاں سے انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور منتقل کردیا گیا۔ان تینوں کے ہمراہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور نواز شریف کے بھائی شہباز شریف اور مریم نواز کی دو بیٹیاں بھی موجود ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز کا لندن کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔منگل کی دوپہر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں اپنی بھابی کلثوم نواز کی وفات کی تصدیق کی تھی۔نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق اس ضمن میں شہباز شریف نے ہوم سیکریٹری سے ان تینوں مجرمان کو پانچ دنوں کے لیے رہا کرنے کی درخواست کی تھی۔نامہ نگار کے مطابق اس دوران نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جاتی عمرہ سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس حوالے سے پنجاب کابینہ کا ایک اجلاس بھی متوقع ہے جس میں پیرول کی مدت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے منگل ہی کو رات گئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں جماعت کے رہنما رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو سوا بارہ بجے لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر میں ادا کی جائے گی۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس کے بعد بیگم کلثوم کا جسد خاکی جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئر پورٹ لایا جائے گا۔انھوں نے بتایا کہ جمعہ ہی کو رائیونڈ جاتی عمرہ میں ان کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد وہیں تدفین کی جائے گی۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *