کیرل میں سیلاب کی تباہی:بالی ووڈ سے ٹالی ووڈ تک ستارے مددکیلئے آگے آئے

keral-flood-donate-stars

ان دنوں کیرل سیلاب کی زد میں ہے۔ شدید بارش اور سیلاب نے کیرل کوبری طرح سے تباہ کردیا ہے۔ اس آفت ومصیبت کی گھڑی میں ہرکوئی کیرل کے ساتھ کھڑا ہے۔کیرل میں صدی کے سب سے زیادہ تباہ کن سیلاب متاثرین کیلئے وسیع پیمانے پر ریلیف و بازآبادکاری کا کام بھی جاری ہے۔سیلاب کے بعد سے کیرالہ میں متعدد بیماریاں پھیل رہی ہیں۔وہیں کئی لاکھ لوگ بے گھرہوگئے ہیں۔کیرل میں قریب 94سال کے بعد سب سے زیادہ تباہ کن سیلاب آیاہے۔ایک اعداد وشمار کے مطابق، اس تباہی میں اب تک قریب 300سے زائد لوگو ں کی موت ہوچکی ہے۔سیلاب سے کیرل کے لوگوں کی سانسیں رک گئی اورزندگی تھم گئی ہیں۔
سوشل میڈیامیں کیرل میں سیلاب متاثرین کی مددکیلئے مالی واقتصادی مددکی مہم چلائی جارہی ہے۔کیرل سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پورا ملک ایک ہو گیا ہے۔ لوگ بڑھ چڑھ کر متاثرین کے لئے عطیہ کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی لوگوں سے آگے آکر متاثرین کی مدد کے لئے اپیل بھی کی جا رہی ہے۔جہاں سرکاری ونیم سرکاری ادارے،سیاسی ونیم سیاسی لیڈران ،بزنس مین اورعام انسان سب سیلاب متاثرین کی مددکی اپیل کررہے ہیں، وہیں بالی ووڈ کی کئی قدآور شخصیات نے بھی سیلاب متاثرین کے لئے کروڑوں روپیے عطیہ کئے ہیں۔ ایسے میں اداکار امیتابھ بچن بھی سیلاب متاثرین کی مددکیلئے آگے آئے ہیں۔
خبروں کے مطابق، امیتابھ بچن نے 51لاکھ روپے کی مدد کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 6کارٹون کپڑے بھی عطیہ کئے ہیں، تاکہ بے سہارا لوگوں کاتن ڈھکسکے۔رپورٹ کے مطابق، امیتابھ بچن نے اپنے 80جیکٹ ، 25پینٹ ، 20ٹی شرٹ اور40جوڑے جوتے سیلاب متاثرین کی مددکیلئے بھیجے ہیں۔ویسے پیسوں کی مدد ہرکوئی کرتا ہے اورکھانے پینے کا انتظام پورا ملک کررہاہے لیکن بگ بی نے لوگوں کیلئے کپڑے اورٹھنڈ کودھیان میں رکھتے ہوئے 6ڈبے گرم کپڑے عطیہ کئے ہیں۔

 

 

 

وہیں سوشل میڈیاپر خبر ہے کہ سلمان خان نے بھی سیلاب زدگان کے لئے دل کھول کر عطیہ کیا ہے۔ اس بات کی اطلاع سلمان خان کے قریبی دوست نے سوشل میڈیا پر دی۔جاوید جعفری نے ٹویٹ کیا ’سلمان خان نے کیرالہ سیلاب متاثرین کیلئے سی ایم ریلیف فنڈ میں 12 کروڑ روپیے عطیہ کئے ہیں۔ یہ انسان صحیح میں کچھ مختلف ہے۔ کتنوں کی دعائیں لے کر چل رہا ہے۔ اللہ آپ کو خوش رکھے۔ آپ کی عزت کرنے کے ساتھ ہی آپ سے بہت پیار کرتا ہوں‘۔سلمان خان کی جانب سے کیرالا سیلاب متاثرین کے لیے 12 کروڑ امداد دینے کا اعلان خود انہوں نے نہیں بلکہان کے دوست جاویدجعفری نے ٹوئیٹ کے ذریعے کیا۔اس میں کتنی سچائی ہے ،معلوم نہیں۔لیکن اتناضرور ہے کہ سلمان خان اپنے ’بینگ ہیومن ‘ کے ذریعے ہمیشہ ضرورتمندوں کی مددکرتے رہتے ہیں۔اسی وجہ سے سلمان خان کودریادل انسان کہاجاتاہے۔قابل غوربات یہ ہے کہ سلمان خان جوبھی عطیہ ومدد کرتے ہیں توخودتشہیرنہیں کرتے ہیں۔
بالی ووڈ کے کنگ خان یعنی شاہ رخ خان کے’ میرفاؤنڈیشن‘ نے کیرل کیلئے 21لاکھ روپے ڈونیٹ کئے ہیں۔ یہ فنڈ سیلاب متاثرہ علاقے میں کام کررہے ایک ریلیف فنڈ کودیاگیاہے۔وہیں اداکارہ جیکلین نے این جی اوہیبیٹیٹ فار ہیومن انڈیا کوکیرل سیلاب ریلیف پروگرام کیلئے 5لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاہے۔

 

 

بالی ووڈ ایکشن اداکار اکشے کمار اورڈائریکٹر پریہ درشن نے بھی سیلاب متاثرین کیلئے وزیر اعلیٰ راحت فنڈ میں ڈونیٹ کیا ہے۔فلم ساز پریہ درشن نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک فوٹو شیئرکرتے ہوئے اس بات کی جانکاری دی ہے۔کیرل کے سی ایم پنرائی وجین کوپریہ درشن نے ایک چیک سی ایم راحت فنڈ میں دونیٹ کیاہے۔پریہ درشن نے لکھاکہ’’ میں نے اوراکشے کمار نے کیرل کے وزیراعلیٰ سیلاب راحت فنڈ میں عطیہ کیاہے۔آئیے، متحدہوکر کیرل کودوبارہ پٹری پرلیکر آئیں۔ کوئی سیاست نہیں ، کوئی دھرم نہیں، صرف انسانیت۔ آئیے، کیرل سیلاب کیلئے متحدہوجائیں۔‘‘۔
بالی ووڈ اداکار کنال کپور کی طرف سے 1.5کروڑ روپے کی مددکی گئی ہے۔ وہیں اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے 1کروڑروپے عطیہ کیاہے۔ اداکارہ ایشا گپتا نے کیرل سیلاب کیلئے اپنی ایک دن کی تنخواہ دے دی ہے۔اداکارہ انوشکاشرما نے سیلاب متاثرین کیلئے خوردنی اشیاء اوردوائیں مہیاکرائی ہیں۔
بالی ووڈ کی ’کوئین‘کنگنارنوت بھی سیلاب متاثرین کی مددکیلئے پیچھے نہیں رہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، ادا کارہ کنگنارنوت نے کیرل کے وزیراعلیٰ راحت فنڈ میں عطیہ کے طورپر 10لاکھ روپے ٹرانسفر کئے ہیں۔انہوں نے اپنے والد سے صلاح لینے کے بعد کیرل کے سیلاب متاثرین کی مدد اس طریقے سے کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ بتادیں کہ کنگناکے والد بھی کیرل سیلاب متاثرین کی مدد کرچکے ہیں۔

 

 

 

اداکارہ سنی لیون نے اپنے انسٹگرام پرایک فوٹو شیئرکرکے لکھاکہ ’’ آج ڈینئل اورہم امیدکرتے ہیں کہ کیرل کے لوگ کھانا کھانے کے قابل ہوں گے۔ 1200کلو گرام (1.3 ٹن) چاول اوردال کے ساتھ کیرل کے لوگوں کو کھانا ملے گا۔مجھے معلوم ہے کہ انہیں اوربھی ضرورت ہے۔ میری خواہش ہے کہ اوربھی زیادہ مددکرسکوں‘‘۔ خیال رہے کہ کچھ دن پہلے سوشل میڈیا پر ایک خبروائرل ہوئی تھی کہ سنی لیون نے کیرل کے لوگوں کی مدد کیلئے پانچ کروڑ روپے ڈونیٹ کئے ہیں۔جب اس بارے میں ممبئی نامہ نگار نے سنی لیون کے منیجر ابراہیم سے رابطہ کیا توانہوں نے پانچ کروڑ روپے عطیہ دینے والی بات پرصرف اتناکہاکہ ’انہوں نے کیرل سیلاب متاثرین کیلئے عطیہ تودیاہے ،لیکن رقم کوہم ظاہری طورپر اجاگر نہیں کرسکتے، کیونکہ یہ بیحد نجی معاملہ ہے۔
سوشل میڈیا پرلوگ ایک دوسرے سے سیلاب متاثرین کی مددکیلئے اپیل کررہے ہیں۔بالی ووڈ ستارے نے بھی سوشل میڈیا پر لوگوں سے سیلاب متاثرین کی مددکرنے کیلئے اپیل کی ہے۔امیتابھ بچن، کٹرینہ کیف، فرحان اختر، ودیا بالن ،نغمہ نگار جاوید اختر ،اداکارہ روینہ ٹنڈن ، کارتک آرین، سدھارتھ ملہوترا، شردھاکپور ، رانا دوگبتی، ابھیشیک بچن، ورون دھون، بھومی پانڈیکرسونم کپور، عالیہ بھٹ سمیت دیگرچھوٹے بڑے ستاروں کے مددکرنے کی خبرہے۔ ساتھ ہی ساتھ ان لوگوں نے مدد کی اپیل کی ہے۔

 

 

ٹالی ووڈ
کیرل میں خطرناک سیلاب کے چلتے حالات بیحد خراب ہیں۔ملک بھرسے لوگ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ہاتھ بڑھارہے ہیں۔بالی ووڈ کے علاوہ ٹالی ووڈ کے ستاروں نے بھی مددکرنے میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیاہے۔ملیالم فلم انڈسٹریز کے جانے مانے اسٹارس موہن لال اورمموتھی نے کیرل سیلاب کیلئے 25-25لاکپ روپے کا فنڈ عطیہ کیاہے۔ وہیں ایسوسی ایشن آف ملیالم مووی آرٹسٹ (اے ایم ایم اے) کی طرف سے 50لاکھ روپے کی مدد کئے جانے کی خبرہے۔ ’بہوبلی‘ مشہور سپراسٹار پربھاس نے کیرل ریلیف فنڈ میں 25لاکھ روپے ڈونیٹ کئے ہیں۔ان علاوہ ساؤتھ کے کچھ دیگرسیلبریٹیز کی ڈونیشن اس طرح ہے: سدھارتھ 10لاکھ روپے، کمل ہاسن 25لاکھ ، سوریہ 25لاکھ ، کارتھی 25لاکھ ، وجے ستیوپتی 25لاکھ ، رجنی کانت 15لاکھ ، الیاتھال پتی وجے 70لاکھ ، چرنجیوی 25لاکھ ، مہیش بابو 25لاکھ ، رام چرن تیجا25لاکھ ، دھنوش 15لاکھ ، وشال اورشیوکارتکین 10-10لاکھ روپے، الوارجن 25 لاکھ ، وجے دیوراکونڈا 5لاکھ روپے اور نینتارا10لاکھ روپے۔

 

tollywood

 

ساؤ تھ کے نوجوان اداکار تووینو تھامس نے ا س سے بھی آگے بڑھ کر متاثرین کیلئے اپنے گھر کے دروازے کھو ل دےئے ہیں۔ انہو ں نے اعلان کیاہے کہ جب تک حالات معمول پر نہیں آتے ، سیلاب سے متاثر لوگ انکے ارنجلکوڈا کے گھرمیں رہ سکتے ہیں۔تھامس ان کے لئے یہاں سبھی ضروری چیزیں مہیاکرائیں گے۔ انٹر نیٹ پرمشہورہوئیں پریہ پرکاش وارےئر نے بھی سی ایم ریلیف فنڈ میں ایک لاکھ روپے کی مدد کی ہے۔

 

 

 

 

کیرل میں آئے سیلاب کی وجہ سے کافی جانی ومالی نقصان ہواہے۔ مصیبت کی اس گھڑی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیرل کے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے بالی ووڈ اورٹالی ووڈ کے ستارے آگے آئے،یقیناًیہ قابل مستحسن قدم ہے۔ بلاتفریق مذہب وملت بالی ووڈ اورٹالی ووڈ کے ستاروں نے کیرل سیلاب متاثر ین کی ہرممکن مددکی، ساتھ ہی ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے وہ مددکی اپیل کررہے ہیں ،اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔سیلاب متاثرین میں ہندو، مسلم ،سکھ ،عیسائی اور دیگر مذاہب کے ماننے والے، امیر و غریب سبھی شامل ہیں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں بلاتفریق مذہب و ملت فلمی ستاروں کا ایک پلیٹ فارم پرآنا اور متحدہوکر سب کی مددکرنابہت بڑی بات ہے۔یہی ہے ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب ، جس طرح بالی – ٹالی ووڈز کے ستاروں نے مثال پیش کی ہے۔امداددینے والے ستاروں میں بھی ہندو، مسلم ، سکھ اور عیسائی سب شامل ہیں۔اتناہی نہیں، بالی ووڈ ستارے ذاتی طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر کے ذریعے متاثرین تک امداد پہنچا نے کی کو شش کر رہے ہیں۔ کیرل کے لوگوں کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کیرل کے وزیراعلی نے ریاست میں شدید سیلاب سے نمٹنے میں زیادہ سے زیادہ تعاون دینے کی اپیل کی ہے۔ ایسے میں اب بالی ووڈ وٹالی ووڈستاروں نے بھی اس تباہی سے نمٹنے کیلئے لوگوں سے مدد کے لیے اپیل کی اورسوشل میڈیا پر کیرالہ کے متاثرین سیلاب کیلئے آواز اٹھائی۔ مصیبت زدگان کی خدمت کرنااور ان کی مصیبت کو کم کرنا بہت بڑاکار خیر ہے، اس لیے سبھی حضرات کو تعاون کا ہاتھ بڑھانے کی ضرورت ہے۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *