پروفیسر شافع قدوائی اے ایم یو میں شعبۂ ترسیل عامہ کے چیئرمین مقرر

Prof-Shafey-Kidwai
پروفیسر شافع قدوائی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ ترسیل عامہ کے نئے چیئرمین ہوں گے۔ ان کی مدتِ کار تین برس ہوگی۔ وہ 4؍اگست کو موجودہ صدرِ شعبہ پروفیسر آفرینہ رضوی سے عہدہ کا چارج لیں گے۔ پروفیسر شافع قدوائی اس سے قبل تین بار صدرِ شعبہ رہ چکے ہیں۔اترپردیش اردو اکادمی اور مدھیہ پردیش حکومت نے انھیں اس سال اردو ادب کے لئے ان کی خدمات پر اپنے اعلیٰ ترین ایوارڈ س سے نوازا ہے۔ اردو اور انگریزی میں پروفیسر شافع قدوائی کی 12؍کتابیں شائع ہوچکی ہیں۔ ان کی کتاب ’’اردو لٹریچر اینڈ جرنلزم : کریٹیکل پرسپیکٹیو‘‘ کیمبرج یونیورسٹی پریس، نئی دہلی نے شائع کی ہے۔ ان کی ایک دیگر کتاب ’’سوانح سرسید‘‘ نے سرسید مطالعات میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ، جس میں انھوں نے ’’حیاتِ جاوید‘‘ میں شامل متعدد تاریخی غلطیوں کی تصحیح کی ہے۔
پروفیسر قدوائی کی ایک اہم کتاب ’’سرسید: اے لائف اِن ریزن‘‘ کو آکسفورڈ یونیورسٹی پریس شائع کررہا ہے، جس کا مقدمہ نامور مؤرخ پروفیسر عرفان حبیب نے تحریر کیا ہے۔ ادب اور صحافت و ثقافت کے موضوع پر پروفیسر شافع قدوائی کا پندرہ روزہ کالم ’’گوئنگ نیٹیو‘‘ انگریزی اخبار ’’دی ہندو‘‘ کے فرائی ڈے ریویو میں پابندی سے شائع ہوتا ہے۔ وہ دیگر اردو و انگریزی جرائد میں مستقل لکھتے رہتے ہیں۔پروفیسر قدوائی ’سرسوتی سمّان‘ کی اردو کمیٹی کے کنوینر ہیں۔ وہ ترسیل عامہ کے متعدد ممتاز مجلّوں کے ادارتی بورڈ میں بھی شامل ہیں۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *