پروفیسر قیوم حسین علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی لائف سائنسزفیکلٹی کے ڈین مقرر

Prof-Qayyum-Husain
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بایو کیمسٹری شعبہ کے پروفیسر قیوم حسین آئندہ دو برس کے لئے فیکلٹی آف لائف سائنسز کے ڈین مقرر کئے گئے ہیں۔ انھوں نے پروفیسر سید آصف اے نقوی کی جگہ لی ہے۔ پروفیسر حسین 34؍سال سے زائد وقفہ سے اے ایم یو میں تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔ انھوں نے 3؍جنوری 1987کو اے ایم یو میں بطور لیکچرر اپنی خدمات شروع کی تھیں ۔ اے ایم یو کے علاوہ وہ کالج آف اپلائیڈ میڈیکل سائنسز، جازان یونیورسٹی، سعودی عربیہ میں کلینیکل بایو کیمسٹری شعبہ کے سربراہ اور فیکلٹی آف بایوٹکنالوجی، یونیورسٹی آف پُترا، ملیشیا میں ایکسٹرنل اَسیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پروفیسر قیوم حسین کے 140؍سے زائد تحقیقی مقالے ممتاز قومی و بین الاقوامی جرائد میں شائع ہوچکے ہیں۔ سی آر سی پریس امریکہ، اِسپرنگر، اِلزویئر، اکیڈمک پریس اور نووا سائنس کے ذریعہ شائع کی جانے والی متعدد کتابوں میں ان کے ذریعہ لکھے گئے چیپٹر شامل ہیں۔ پروفیسر حسین جرمن اکیڈمک ایکسچینج سروس پروگرام کے تحت یونیورسٹی آف کونسٹانز، جرمنی میں مہمان سائنسداں رہے ہیں۔ اسی پروگرام کے تحت انھیں انسٹی ٹیوٹ آف بایو پروسیس انجینئرنگ، ٹیکنیکل یونیورسٹی آف کیسر سلاٹرن، جرمنی کی فیلوشپ حاصل ہوئی۔
پروفیسر قیوم حسین کی نگرانی میں 17؍طلبہ نے پی ایچ ڈی کی۔ وہ مختلف ایڈمنسٹریٹیو عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ وہ موجودہ وقت میں یوکے کیمیکل انڈسٹری کے ممبر، امریکن کیمیکل سوسائٹی کے اعزازی ممبر اور 36؍سے زائد دیگر سائنسی اداروں کے رکن ہیں۔ پروفیسر حسین نے 100؍سے زائد تحقیقی مجلّوں کو ریویو کیا ہے اور 120؍سے زائد قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کی ہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *