پرو وائس چانسلر پروفیسر تبسم شہاب کے اعزاز میں غیر تدریسی عملہ کے اراکین کی جانب سے الوداعی تقریب کا انعقاد 

Prof-Tabassum
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے پرو وائس چانسلر پروفیسر تبسم شہاب کے اعزاز میں آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے غیر تدریسی عملہ کے اراکین کی جانب اے ایم یو کے ایڈمنسٹریٹو بلاک کے کانفرنس ہال میں ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر تبسم شہاب نے کہا کہ پرو وائس چانسلر کی حیثیت سے ان کی مدتِ کار میں اے ایم یو کے غیر تدریسی عملہ سے انہیں جو تعاون اور پیار ملا وہ ان کا سب سے بڑا حاصل ہے اور وہ اس کے اظہار اور تشکر کے لئے الفاظ تلاش نہیں کر پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت پرو وائس چانسلر وہ ایڈمنسٹریٹو بلاک میں گزرے اوقات کو کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔پروفیسر تبسم شہاب نے کہا کہ بحیثیت پرو وائس چانسلر ان کی بہتر اور کامیاب کارکردگی کے پیچھے با صلاحیت اور زود اثر غیر تدریسی عملہ کا بہت بڑا ہاتھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو کا غیر تدریسی عملہ اس ادارہ کی ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے۔ پرو وائس چانسلر نے کہا کہ وہ الوداعی تقریب کو خوش کن موقع کی طرح مانتے ہیں اور ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی وہ اپنی صلاحیتوں کو یونیورسٹی کے مثبت کاموں کے لئے استعمال کرتے رہیں گے اور اس ادارہ کے ترقیاتی عمل میں ہر طرح کا تعاون پیش کرتے رہیں گے۔
پروفیسر تبسم شہاب اکتوبر2017 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر مقرر کئے گئے تھے۔ اس سے قبل وہ1984 سے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبۂ امراضِ اطفال میں استاد اور معالج کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ پروفیسر شہاب عالمی صحت تنظیم ( ڈبلیو ایچ او) کے زیرِ اہتمام چلائے جا رہے پولیو تدارک پروگرام کے نوڈل آفیسر بھی رہے اور انہوں نے مائینارٹی اسٹوڈینٹس افیئر، جمخانہ کلب کے صدر، شعبۂ امراضِ اطفال کے سربراہ اور ہادی حسن ہال کے پرووسٹ کی حیثیت سے اپنی انتظامی صلاحیتوں اور بہتر قیادت کا مظاہرہ کیا۔ ان کے تحقیقی مقالے قومی و عالمی سطح کے جرائد مثلاً پیڈیاٹرکس، انڈین جنرل آف پیڈیاٹرکس اور جرنل آف ٹروپیکل پیڈیاٹرکس وغیرہ میں شائع ہو چکے ہیں۔
اے ایم یو رجسٹرار ڈاکٹر ناظم حسین جعفری نے اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر تبسم شہاب کو غیر تدریسی عملہ کی جانب سے یاد گاری نشان پیش کیا جبکہ فائننس آفیسر پروفیسر ایس ایم جاوید اختر اور کنٹرولر امتحانات مسٹر مجیب اللہ زبیری نے انہیں سپاس نامہ پیش کیا۔نان ٹیچنگ اسٹاف ایسو سی ایشن کے سابق جنرل سکریٹری مسٹر مجیب اے حق نے پرو وائس چانسلر کا خیر مقدم کیا جبکہ ایسو سی ایشن کے سابق کلچرل سکریٹری مسٹر توفیق اے خاں نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرائض مسٹر مسرت علی خاں نے انجام دئے۔ اس موقع پر شعبہ رابطۂ عامّہ کے رکن مسٹر اویس جمال شمسی نے پرو وائس چانسلر کے اعزازمیں ایک نظم پیش کی اور سپاس نامہ پڑھ کر سنایا۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں یونیورسٹی افسران اور ملازمین موجود تھے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *