بورڈ امتحانات میں نواب عظمت علی خاں گرلز انٹر کالج مظفرنگرکی طالبات کابہترمظاہرہ

Azmat-Khan-Girls-Collage
مظفرنگر:نواب عظمت علی خاں گرلز انٹر کالج مظفرنگر کی طالبات نے بورڈ کے امتحانات میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 100فیصد معیاری ریزلٹ لاکر ملت کا سر فخر سے اونچا کیا۔ گزشہ سالوں کی طرح اس سال بھی ہائی اسکول اور انٹر میڈیٹ بورڈ کے امتحان میں مذکورہ کالج کی طالبات نے 100فیصد کامیابی درج کرائی ہے۔ طالبات کی اس کامیابی پر ان کے اعزاز میں ایک پروگرام کا انعقاد اسکول احاطہ میں کیا گیا ۔ جس میں تمام طالبات کو انعامات سے نوازا گیا ، پروگرا م میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے اے ڈی ایم ای ہریش چندرا نے کہا کہ خدا نے ہر انسان کے اندر کوئی نہ کوئی صلاحیت ضرور دی ہے ، بس اسے ناامیدی کا دامن چھوڑ کر اسے نکھارنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کی کامیابی کے پیچھے اساتذہ کا بڑا کردار ہوتا ہے کیو ں کہ وہی ان کے اندر چھپی ہوئی صلاحیت اور تعلیمی شوق کو بیدار کرتے ہیں ۔
مہمان ذی وقار چودھری چھوٹو رام ڈگری کالج کے پرنسپل نریش ملک نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بڑی مسرت ہورہی ہے کہ یہاں اقلیتی ادارے میں بھی معیاری تعلیم دیکھنے کو مل رہی ہے اور یہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ آنے والا وقت ہمارے ملک کے لئے نئی راہ استوار کرے گا ۔ پروگرام کی صدارت کررہے چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے صدر ڈاکٹر اسلم جمشید پوری نے کہا کہ اردو اپنی شیرینی لطافت اور پاکیزگی کے سبب بے حد خوبصورت زبان ہے، لہٰذا کسی مذہب یا کسی قوم کی زبان نہیں بلکہ یہ پوری ملک کی زبان ہے ، یہ ہماری صدیوں پرانی تہذیب سے وابستہ ہے، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بڑی خوشی کا مقام ہے کہ اس کالج میں اردو عنوان پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس کے نتیجے میں اس کالج کی طالبات ضلع میں ٹاپ کرچکی ہیں ۔
بی ٹی ایم ایجوکیشنل سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے کوآرڈی نیٹر ندیم اختر نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کی گئی کوئی بھی کوشش کبھی رائیگاں نہیں جاتیں۔ کالج کے منیجر معروف شاعر ڈاکٹر نوازدیوبندی نے کہا کہ ہم اس معاشرے کے شکر گزار ہیں جس نے ہم پر بھروسہ کیا، اپنی بیٹیوں کو اس ادارے تک بھیجا اور ہماری اس کوشش کو سراہا ۔
کالج کی پرنسپل صفیہ بیگم نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ انٹر کے امتحان میں 309طالبات نے امتحان دیا اور تمام طالبات نے فرسٹ ڈویژن کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہائی اسکول کے امتحان میں 396طالبات نے شرکت کی اور تمام طالبات نے فرسٹ ڈویژن حاصل کرکے کالج کانام روشن کیا۔ اس موقع پر علاقہ کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *