معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم ناقابل برداشت:نویدحامد

Navaid-Hamid
نئی دہلی:ہندستان میں مسلم تنظیموں کی وفاقی باڈی آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نویدحامد نے معصوم اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی ہتھیاربند فوج کے ذریعہ ظالمانہ کارروائی پر شدید تشویش کا اظہارکیا ہے جس میں 58؍نہتے بے قصور فلسطینی مظاہرین کی جانیں چلی گئیں اور کئی ہزار افراد زخمی ہوگئے۔بچوں سمیت معصوم شہریوں پر راست گولہ بارود کے استعمال کو پوری طرح مسترد اور اس کی مذمت کرتے ہوئے ، مشاورت کے صدر نے مطالبہ کیاکہ اسرائیل کے ذریعہ فلسطینیوں کی نسل کشی پرنہ صرف فوری طورپرروک لگنی چاہئے ، بلکہ معاملے کی جانچ کرکے طاقت کے ظالمانہ استعمال کرنے والے مجرمین کو ضرور نامزد کیاجانا چاہئے۔

 

یہ بھی پڑھیں   جموں و کشمیر : ماہ رمضان میں فوجی آپریشن بند

 

انہوں نے مزیدکہاکہ یروشلم کے مقدس شہر،جہاں اسلام کا قبلۂ اول اور مسلمانوں کی تیسری سب سے مقدس مسجد موجود ہے، کواسرائیل کے دارالحکومت کے طورپر منتخب کرنے اور اپنے سفارت خانہ کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا امریکہ کا یک طرفہ فیصلہ ، تمام بین الاقوامی اقدار کے خلاف ہی نہیں بلکہ،یہ بین الاقوامی قانون اوراقوام متحدہ کی قراداد کی خلاف ورزی بھی ہے جس سے یہ ثابت ہوتاہے کہ لمبے عرصے سے معطل اس مسئلے کے پرامن حل کے لیے واشنگٹن ایماندار ثالث نہیں ہے بلکہ وہ صرف قابض لوگوں کاہی طرف دار ہے۔ہم ہندوستانی مسلمان اور ان کی تنظیمیں مظلوم فلسطینی لوگوں کے کندھوں سے کندھا ملاکر ان کے حقوق کے لیے کھڑے ہیں اور بین الاقوامی کمیونٹی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خودمختار آزاد فلسطینی ریاست کے فوری قیام اورمشرقی یروشلم کو اس کی دارالحکومت بنانے کے لیے مخلصانہ طورپر کام کریں۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *