پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی دہلی صوبائی کمیٹی کی جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام

پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی دہلی صوبائی کمیٹی کی جانب سے پاپولر فرنٹ کے شاہین باغ میں واقع مرکز میں27؍ مئی بروز اتوار ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں قومی و علاقائی سطح کے متعدد سیاسی، سماجی و ملی قائدین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ جامعہ نگر علاقے سے تقریباً تین سو سے زائد افراد نے بھی اس میں حصہ لیا۔افطار اور صلوٰۃ مغرب سے فراغت کے بعد ایک مختصر اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔ جس میں پاپولر فرنٹ کے صوبہ دہلی کے صدر پرویز احمد نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔اس موقع پرجن سمّان پارٹی کے چیئرمین اشوک بھارتی نے بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے حاضرین کو رمضان کی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا ’’اس وقت ہمارے ملک کے عوام کو مختلف بنیادوں پر تحقیر، نابرابری اور ناانصافی جیسے تین الگ الگ ڈھانچوں کا سامنا ہے، جو ہمارے لیے بہت بڑا چلینج ہے۔ لہٰذا ان سے نمٹنے کے لیے ہمیں ان کے مقابلے میں عزت، برابری اور انصاف کے ڈھانچے تیار کرنے ہوں گے۔ تبھی جا کر ہم کامیاب ہو سکتے ہیں۔‘‘پاپولر فرنٹ کے قومی سکریٹری انیس احمد نے تنظیم کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاپولر فرنٹ کی سب سے ممتاز خاصیت یہ ہے کہ تنظیم مسلم سماج کے ساتھ ساتھ تمام انصاف پسند افراد اور جماعتوں کے درمیان اتحاد قائم کرنے میں کامیاب رہی ہے، جس کی واضح مثال یہ افطار پروگرام ہے اور اسی وجہ سے ہمیں الگ الگ طریقوں سے نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہر مظلوم کو انصاف دلانا اور حقدار کو اس کا حق دلانا ہم سب کا دینی و سماجی فریضہ ہے۔ اس میں ہمیں کبھی بھی کسی طرح کا امتیاز نہیں برتنا چاہئے۔‘‘ قومی سکریٹری نے حاضرین سے تنظیم کا ہر طرح سے تعاون کرنے کی اپیل کی۔ پاپولر فرنٹ کے صوبائی سکریٹری الیاس احمد نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *